‘مون سون کے نئے آغاز پر سیلاب کی صورتحال مزید دشوار ہوسکتی ہے’: بلاول نے خبردار کر دیا

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے  خبردار کیا ہے کہ مون سون کے نئے آغاز پر سیلاب کی صورت حال مزید دشوار ہوسکتی ہے۔

پیپلزپارٹی کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پنجاب میں سیلاب سے جاں بحق ہونے والے افراد کے ورثاء سے اظہار افسوس کیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے ہدایت  کیا کہ پیپلزپارٹی کے کارکنان اور عہدیداران اس کڑے وقت میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کریں۔

پیپلزپارٹی کی جانب سے جاری بیان میں بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے نشانے پر ہے، ہمیں مستقبل کا ہر منصوبہ ماحولیاتی صورت حال کو سامنے رکھ کر بنانا ہوگا۔

چیئرمین بلاول بھٹو نے خبردار کیا کہ مون سون کے حالیہ نئے سلسلے کے آغاز پر سیلاب کی موجودہ صورت حال مزید دشوار ہوسکتی ہے، ہمیں ہر طرح کے حالات کے لیے تیار رہنا ہوگا، یہ وقت ہے کہ قوم ہر قسم کی تقسیم کو بالائے طاق رکھ کر بحران کا مقابلہ کرنے کے لیے متحد ہو۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہم نے بطور قوم پہلے بھی بحرانوں کا مقابلہ کیا ہے اور اتحاد کی طاقت سے ہم اس بار بھی سرخرو ہوں گے۔

واضح رہے کہ این ڈی ایم اے نے ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارشوں کا الرٹ جاری کردیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 29 اگست تا 2 ستمبر اسلام آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ پنجاب کے شمالی وشمال مشرقی اضلاع میں30 سے 31 اگست کے دوران شدید بارشوں کا امکان ہے۔

Related posts

ایک سیاسی جماعت سیاسی دجال کا کام کر رہی ہے، عوام اور افواج میں دراڑ ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے: بلاول بھٹو

پی ٹی آئی کا قومی کانفرنس کے لیے پیپلز پارٹی سے رابطہ کرنے کا فیصلہ

پی ٹی آئی کو مذاکرات کی اجازت نہیں تھی، بانی پی ٹی آئی محاذ آرائی کر رہے ہیں: رانا ثنا اللہ