سیاحت کے عالمی دن پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا پیغام

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سیاحت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ اس دن کو منانے کا مقصد مقامی اور عالمی سطح پر سیاحت کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ دنیا کے کئی ممالک سیاحت کے ذریعے اپنی معیشت کو مضبوط کر رہے ہیں، جبکہ پنجاب بھی سیاحتی لحاظ سے بے حد مالا مال ہے اور اس کی خوبصورتی اپنی مثال آپ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں سیاحوں کے تحفظ، سہولت اور آسائش کے لیے مزید اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ حکومت پنجاب ایک مربوط ٹورازم پالیسی کے تحت نئے سیاحتی مقامات متعارف کروا رہی ہے۔ ان کے مطابق سیاحت بہترین ذریعہ معاش ہے اور اس سے مقامی لوگوں کو روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے، جس سے صوبے کی معیشت کو مزید تقویت ملے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان قدرتی خوبصورتی، مذہبی سیاحت اور تاریخی مقامات کے حوالے سے دنیا میں منفرد حیثیت رکھتا ہے اور دنیا کی قدیم ترین تہذیب و ثقافت کا امین ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سیاحت کے فروغ کے ذریعے پاکستان کے آثارِ قدیمہ کو دنیا بھر میں متعارف کرایا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے سیاحتی مقامات غیر ملکی اور ملکی سیاحوں کے لیے یکساں کشش کا باعث ہیں اور صوبے بھر میں ان مقامات پر ضروری سہولتوں کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

Related posts

پیپلز پارٹی نے حکومت کو وعدوں پر عملدرآمد کے لیے ایک ماہ کی مہلت دے دی

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ: سیز فائر کے دوران پاکستانی سکیورٹی فورسز نے 100 سے زائد خوارج ہلاک کیے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی: افغانستان سمیت جو بھی حملہ کرے گا، بھرپور جواب دیا جائے گا