پنجاب میں لوکل گورنمنٹ انتخابات تاخیر کا شکار، الیکشن کمیشن نے مایوسی کا اظہار کر دیا

اسلام آباد — الیکشن کمیشن آف پاکستان نے صوبہ پنجاب میں لوکل گورنمنٹ انتخابات کے مسلسل التوا پر شدید مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کیس کی سماعت 8 اکتوبر 2025 کو مقرر کر دی ہے۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں گزشتہ روز اسلام آباد میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں کمیشن کے معزز ممبران، سیکرٹری الیکشن کمیشن اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

سیکرٹری الیکشن کمیشن نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب میں لوکل گورنمنٹس کی مدت 2021 میں ختم ہو گئی تھی۔ اس دوران صوبائی حکومت نے پانچ مرتبہ قوانین میں ترامیم کیں جبکہ الیکشن کمیشن تین مرتبہ حلقہ بندیاں اور دو مرتبہ الیکٹورل گروپس کی رجسٹریشن کر چکا ہے۔ تاہم، مسلسل قانون سازی میں تاخیر کے باعث انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں ہو سکا۔

مزید بتایا گیا کہ 2 جون 2025 کو اس کیس کی سماعت کے دوران پنجاب حکومت نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ نیا لوکل گورنمنٹ ڈرافٹ قانون اسٹینڈنگ کمیٹی میں زیرِ جائزہ ہے اور بجٹ سیشن کے باعث تین ماہ کی مہلت درکار ہے۔ الیکشن کمیشن نے حکومت کی درخواست منظور کر کے وقت دیا تھا، مگر تاحال کوئی پیش رفت سامنے نہیں آئی۔

الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومت کی جانب سے عدم تعاون پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ اب معاملے کی سماعت فل بنچ کرے گا۔ اس سلسلے میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا گیا ہے۔

Related posts

پیپلز پارٹی نے حکومت کو وعدوں پر عملدرآمد کے لیے ایک ماہ کی مہلت دے دی

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ: سیز فائر کے دوران پاکستانی سکیورٹی فورسز نے 100 سے زائد خوارج ہلاک کیے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی: افغانستان سمیت جو بھی حملہ کرے گا، بھرپور جواب دیا جائے گا