پشاور: تحریک انصاف کی قیادت نے سیاسی تنازعات کے باعث وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق جلد ہی علی امین گنڈاپور سے استعفیٰ لیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق نئے وزیراعلیٰ کے لیے جو نام زیر غور ہیں، ان میں سہیل آفریدی کا نام سرفہرست ہے۔ پارٹی کے اندرونی ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے وزیراعلیٰ کا تعلق ضم شدہ اضلاع سے ہوگا، جبکہ سہیل آفریدی کا تعلق ضلع خیبر سے ہے۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈاپور اور تحریک انصاف کی رہنما علیمہ خان کے درمیان طویل عرصے سے سیاسی اختلافات جاری تھے، جو اب اپنے منطقی انجام کے قریب پہنچ چکے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان مختلف سیاسی معاملات پر کشیدگی بڑھ گئی تھی اور ماضی میں ایک دوسرے پر الزامات اور جوابی بیانات بھی سامنے آتے رہے ہیں۔
تاہم پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت کی جانب سے تاحال اس حوالے سے نہ تو کوئی تصدیق کی گئی ہے اور نہ ہی تردید۔
ذرائع کے مطابق جلد ہی پارٹی کی اعلیٰ سطحی مشاورت کے بعد وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے منصب پر نئے نام کا باضابطہ اعلان متوقع ہے۔