اورکزئی میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن: لیفٹیننٹ کرنل سمیت 11 جوان شہید، 19 دہشتگرد ہلاک

راولپنڈی: اورکزئی کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز کے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران لیفٹیننٹ کرنل اور سیکنڈ ان کمانڈ میجر سمیت 11 بہادر جوان شہید ہوگئے، جبکہ جوابی کارروائی میں 19 دہشتگرد مارے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن 7 اور 8 اکتوبر کی درمیانی شب کیا گیا۔ کارروائی کے دوران فورسز نے بھارتی پراکسی فتنۃ الخوارج کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 11 جوانوں نے مادرِ وطن کے دفاع میں جامِ شہادت نوش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والوں میں لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق (جو فرنٹ سے ٹیم کی قیادت کر رہے تھے) اور سیکنڈ ان کمانڈ میجر طیب راحت شامل ہیں۔

شہید ہونے والے دیگر جوانوں کے نام درج ذیل ہیں:
• نائب صوبیدار اعظم گل
• نائیک عدیل حسین
• نائیک گل امیر
• لانس نائیک شیر خان
• لانس نائیک طالش فراز
• لانس نائیک ارشاد حسین
• سپاہی طفیل خان
• سپاہی عاقب علی
• سپاہی محمد زاہد

آئی ایس پی آر کے مطابق اورکزئی کے علاقے میں کلیئرنس آپریشن تاحال جاری ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستانی فورسز بھارتی سرپرستی میں چلنے والی دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہداء کی قربانیاں دہشتگردی کے خلاف قومی عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔

Related posts

مردان کے قریب پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ، دو افسران شہید

عیدالاضحیٰ پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کا ژوب میں اگلے مورچوں کا دورہ، جوانوں کے ساتھ عید منائی

پراکسیز، منفی پروپیگنڈے اور بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے ذریعے پاکستان کی ترقی اور استحکام سبوتاژ کرنے کی کوشش کرنے والی دشمن قوتیں اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی,عاصم منیر