اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اب بس بہت ہوگیا ہے، دہشت گردی کا مکمل خاتمہ اور ان کے سر کا کچلنا ناگزیر ہو چکا ہے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آگ اور پانی کا کھیل مزید نہیں چل سکتا، دہشت گردوں کے خلاف ٹھوس فیصلے کرنے کا وقت آگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں روزانہ دہشت گردی کے واقعات پیش آ رہے ہیں اور ستم ظریفی یہ ہے کہ ان دہشت گردوں کو بعض حلقوں کی جانب سے تحفظ دیا جاتا ہے۔
وزیراعظم کے مطابق انہیں پناہ دینے والے سہولت کار بھی اتنے ہی مجرم ہیں جتنے خود دہشت گرد۔
شہباز شریف نے کہا کہ خوارج ہمسایہ ملک سے آکر پاکستان میں دہشت گردی کرتے ہیں، ایسے “دوست نما دشمن” اس ملک کے خلاف لڑ رہے ہیں جس نے کبھی انہیں پناہ دی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ شہدا کے والدین، بھائیوں اور بہنوں سے ملاقات کے دوران سب نے اپنے انداز میں فخر کا اظہار کیا کہ ان کے پیاروں نے وطن کی خاطر جان قربان کی۔
وزیراعظم نے کہا، “شہدا پاکستان کی عزت، وقار اور ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔”
ان کا کہنا تھا کہ شہدا نے اپنے خون سے یہ لکیر کھینچ دی ہے کہ پاکستان کے ساتھ لڑنے والوں اور پاکستان کے لیے لڑنے والوں میں فرق ہمیشہ واضح رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ “اب اس لکیر کو کوئی پامال نہیں کرسکتا اور نہ ہی اس کی اجازت دی جائے گی۔”
وزیراعظم نے مزید کہا کہ سپہ سالار کی سوچ اور عزم جوان ہے، پوری قوم ایک ہو کر خوارج اور دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لیے یکسو ہے۔