وزیراعظم شہباز شریف اور بلاول بھٹو میں رابطہ، بیان بازی روکنے پر اتفاق

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان جاری لفظی گولہ باری کے بعد وزیراعظم شہباز شریف اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کے خلاف بیانات دینے سے گریز پر اتفاق کیا۔

ذرائع کے مطابق ٹیلی فونک گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے موجودہ سیاسی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
گفتگو میں پنجاب سمیت ملک کے مختلف حصوں میں سیلابی صورتحال اور اس سے نمٹنے کے اقدامات پر بھی بات چیت ہوئی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بلاول بھٹو زرداری کو پاک سعودی دفاعی معاہدے اور غزہ کی تازہ صورتحال سے متعلق بھی آگاہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ سیاسی اختلافات کے باوجود ملک کے مفاد میں باہمی تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔

رابطے کے دوران وزیراعظم اور چیئرمین پیپلز پارٹی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قومی سطح کے معاملات، خصوصاً سیلاب متاثرین کی بحالی اور خارجہ پالیسی کے اہم امور پر مشترکہ مؤقف اپنایا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ بیانات کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی کو کم کرنے کے لیے یہ رابطہ سیاسی ماحول میں بہتری کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

Related posts

رانا ثنااللہ کی وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے سسٹم سے متعلق حالیہ بیان پر وضاحت

پاکستان نے افغان طالبان کی جانب سے پاکستان سے افغانستان اسلحہ اور ہتھیاروں کی اسمگلنگ کے دعوے کو سختی سے مسترد کردیا

سعودی عرب، پاکستان اور ترکیے کے درمیان ہونے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کو ملکی تاریخ اور خطے کے لیے ایک اہم اور تاریخی پیشرفت قرار