ریونیو بڑھانے کے لئے حکومت پنجاب کے مؤثر اقدامات

لاہور: حکومتِ پنجاب نے صوبے میں ریونیو میں اضافہ اور ٹیکس نظام میں شفافیت کے فروغ کے لیے متعدد اہم اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت ریونیو کلیکشن سے متعلق ایک خصوصی اجلاس میں پنجاب ریونیو اتھارٹی (PRA) کی کارکردگی اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس میں پنجاب ریونیو اتھارٹی میں ایک خصوصی یونٹ (Special Unit) قائم کرنے کی منظوری دی گئی، جس میں فیکٹوریل، ٹیکس کنسلٹنٹ، لیگل ایکسپرٹ اور ڈیٹا اینالسٹ شامل ہوں گے۔ اس یونٹ کا مقصد ریونیو کلیکشن کے عمل کو مزید مؤثر اور شفاف بنانا ہے۔

مزید برآں، 130 انفورسمنٹ آفیسرز کی بھرتی کی اصولی منظوری دی گئی ہے تاکہ فیلڈ آپریشنز کو مضبوط بنایا جا سکے۔ پنجاب ریونیو اتھارٹی کا دائرہ کار 30 اضلاع تک بڑھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے، اور وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اس توسیع کے لیے 30 اکتوبر تک کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی ہے۔

اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ اضلاع میں ریونیو اتھارٹی سے متعلق اضافی ذمہ داریاں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل (ADCG) کو تفویض کی جائیں تاکہ مقامی سطح پر ٹیکس ریونیو کی مؤثر نگرانی ممکن بنائی جا سکے۔

پنجاب ریونیو اتھارٹی نے ٹیکس دہندگان کی سہولت کے لیے ایک نئی ایپ بھی متعارف کرائی ہے، جس کے ذریعے ٹیکس ادائیگی اور متعلقہ معلومات تک آسان رسائی فراہم کی جائے گی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ ریونیو بڑھانے کے لیے 19 نئے سیکٹرز کو شامل کرنے کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے واضح ہدایت کی کہ ایمانداری سے ٹیکس ادا کرنے والوں کو کسی قسم کی پریشانی نہ دی جائے بلکہ نئے سیکٹرز کے ذریعے ٹیکس نیٹ میں وسعت پیدا کی جائے۔

ڈی جی پنجاب ریونیو اتھارٹی، معظم علی سپرا نے اجلاس میں ٹیکس اہداف، نئے مجوزہ سیکٹرز اور جاری اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ریونیو کلیکشن کے نظام میں شفافیت اور مؤثر نگرانی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

Related posts

پاکستان کا آئی سی سی کے متعصبانہ بیان پر شدید احتجاج، مؤقف میں درستی کا مطالبہ

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی پاکستان کے پہلے ہائپر اسپیکٹرل سیٹلائٹ کی کامیاب لانچ پر مبارکباد

لاہور: مذہبی جماعت کے احتجاج کے دوران جعلی خبروں کی یلغار — فیک نیوز واچ ڈاگ کی تشویشناک رپورٹ جاری