کوہستان 40 ارب روپے کرپشن کیس: نیب نے مرکزی ملزم قیصر اقبال اور اہلیہ کو گرفتار کر لیا

پشاور: قومی احتساب بیورو (نیب) خیبر پختونخوا نے ملک کے سب سے بڑے مالیاتی اسکینڈلز میں سے ایک، کوہستان 40 ارب روپے کرپشن کیس کے مرکزی ملزم قیصر اقبال کو ان کی اہلیہ سمیت گرفتار کر لیا۔ ذرائع کے مطابق، آئندہ چند روز میں بعض بااثر اور اہم شخصیات کی گرفتاریوں کا بھی امکان ہے۔

نیب کے مطابق ملزم قیصر اقبال اور ان کی اہلیہ کو ایبٹ آباد میڈیکل کمپلیکس سے ڈسچارج ہونے کے فوراً بعد حراست میں لیا گیا۔ ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے 40 ارب روپے سے زائد عوامی فنڈز میں غبن کیا۔

تحقیقات کے دوران ملزم کے گھر سے سونا، غیر ملکی کرنسی، قیمتی گاڑیاں، جائیدادوں کے اصل کاغذات اور چیکس کے ریکارڈ برآمد کیے گئے۔ ذرائع کے مطابق، کرپشن کا یہ وسیع نیٹ ورک محکمانہ افسران سے اوپر تک پھیلا ہوا تھا اور سینئر سرکاری افسران کی ملی بھگت سے کئی سال تک چلتا رہا۔

نیب ذرائع نے بتایا کہ کوہستان کرپشن کیس میں سرکاری خزانے کے اکاؤنٹ G-10113 سے غیر قانونی طور پر اربوں روپے نکلوائے گئے۔ کمیونیکیشن اینڈ ورکس (C&W) ڈیپارٹمنٹ، ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس، اے جی آفس اور نیشنل بینک آف پاکستان کے بعض افسران و اہلکاروں نے اپر کوہستان کے کنٹریکٹرز اور نجی افراد کے ساتھ ملی بھگت سے سرکاری منصوبوں کے لیے مختص رقوم کو خرد برد کیا۔

تحقیقات میں یہ بھی انکشاف ہوا کہ جعلی بل، فرضی شیڈولز اور بوگس چیک تیار کر کے سرکاری خزانے سے اربوں روپے نکلوائے گئے۔ نیب نے اب تک متعدد ملزمان کو گرفتار کیا ہے جن میں سرکاری ملازمین، بینکرز اور کنٹریکٹرز شامل ہیں۔ دورانِ تفتیش سونا، غیر ملکی کرنسی، نقد رقم، قیمتی گاڑیاں اور اربوں روپے مالیت کی جائیدادیں بھی برآمد کی گئی ہیں۔

نیب کے مطابق قیصر اقبال، جو کمیونیکیشن اینڈ ورکس (C&W) ڈپارٹمنٹ اپر کوہستان میں پہلے کلرک اور بعد ازاں ہیڈ کلرک کے عہدے پر تعینات رہا، اس بڑے مالیاتی اسکینڈل کا مرکزی کردار اور ماسٹر مائنڈ ہے۔

ترجمان نیب کے مطابق، تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے اور جلد مزید گرفتاریوں کا امکان ہے۔

Related posts

پاکستان کا آئی سی سی کے متعصبانہ بیان پر شدید احتجاج، مؤقف میں درستی کا مطالبہ

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی پاکستان کے پہلے ہائپر اسپیکٹرل سیٹلائٹ کی کامیاب لانچ پر مبارکباد

لاہور: مذہبی جماعت کے احتجاج کے دوران جعلی خبروں کی یلغار — فیک نیوز واچ ڈاگ کی تشویشناک رپورٹ جاری