وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا موبائل پولیس اسٹیشن اینڈ لائسنسنگ یونٹ پراجیکٹ کا افتتاح

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کے جدید اور عوام دوست اقدام — موبائل پولیس اسٹیشن اینڈ لائسنسنگ یونٹ پراجیکٹ — کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے پنجاب کے پہلے موبائل پولیس اسٹیشن اور لائسنسنگ یونٹ کا تفصیلی معائنہ کیا اور منصوبے کی افادیت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

پراجیکٹ کے تحت شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء، تجدید، لرنر، انٹرنیشنل اور خواتین کے لیے مخصوص لائسنسنگ سہولت ایک ہی موبائل یونٹ میں فراہم کی جائے گی۔
مزید برآں، موبائل پولیس اسٹیشن میں پہلی بار ایف آئی آر کے اندراج کی سہولت بھی شامل کی گئی ہے، جس سے شہریوں کو تھانوں کے چکر کاٹنے سے نجات ملے گی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے افتتاح کے موقع پر موبائل پولیس اسٹیشن اور لائسنسنگ یونٹ کی چابیاں متعلقہ افسران کے حوالے کیں اور سٹاف سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے ان کی ورکنگ اور عوامی سہولت کے اقدامات کے بارے میں دریافت کیا۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت دی کہ موبائل پولیس اسٹیشن کا عملہ عوام کے ساتھ خوش اخلاقی اور ہمدردانہ رویہ اپنائے تاکہ شہریوں میں پولیس کے بارے میں اعتماد اور مثبت تاثر مضبوط ہو۔

منصوبے کے تحت موبائل پولیس اسٹیشنز گرلز ایجوکیشن سینٹرز، ورکنگ وویمن زونز اور پبلک مقامات پر جا کر خواتین اور نوجوانوں کو لائسنسنگ و قانونی معاونت فراہم کریں گے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ یہ منصوبہ پنجاب پولیس کی جدیدیت اور عوامی سہولت کی سمت ایک تاریخی قدم ہے، جس سے انصاف اور سروسز کی فراہمی عوام کی دہلیز تک ممکن ہوگی۔

Related posts

اسلام آباد، راولپنڈی اور پشاور سمیت مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی مفتی اعظم پاکستان مفتی منیب الرحمن سے ملاقات، علما سے اہم گفتگو

ٹی ایل پی قیادت نے کارکنوں کو پولیس پر حملوں پر اکسایا، ریاست خاموش نہیں رہ سکتی: عظمیٰ بخاری