لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے وزیرآباد اور میانوالی کے ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز نے ملاقات کی جس میں عوامی مسائل، علاقے کی ضروریات اور ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
ملاقات میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے خصوصی پراجیکٹس کو سراہتے ہوئے پارلیمنٹرینز نے وزیرآباد اور میانوالی میں گرین بس سروس کے آغاز پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔ ارکان اسمبلی نے ستھرا پنجاب اور ای بز پورٹل کے اجرا کو بھی قابل تحسین قرار دیا۔
ارکان اسمبلی کا وزیراعلیٰ کی قیادت پر مکمل اعتماد
ارکان نے صوبے بھر میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے، کاروباری ماحول کو فروغ دینے اور نجی املاک سے ناجائز قبضے ختم کرانے کے اقدامات کو تاریخی فیصلے قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ سے مکمل تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
مریم نواز شریف کے اہم بیانات
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا:
• “عوام کی خدمت ہی مسلم لیگ (ن) اور قائد محمد نواز شریف کا منشور ہے۔”
• “کسان کارڈ، گھر کی دہلیز تک فری میڈیسن اور دیگر منصوبے ترقی و خوشحالی کی واضح مثال ہیں۔”
• “پہلی بار پنجاب میں 30 لاکھ افراد کو 10 ہزار روپے کا پے آرڈر گھر تک پہنچایا گیا۔”
• “15 لاکھ افراد راشن کارڈ کے ذریعے 3 ہزار روپے ماہانہ وصول کر رہے ہیں۔”
• “صوبے کے عوام کی جان و مال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے، انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔”
• “پنجاب کے کسان کو مایوس نہیں کریں گے، مستقبل میں بڑے ترقیاتی منصوبے منتظر ہیں۔”
پارلیمنٹرینز کے تاثرات
ارکان نے کہا کہ:
• “گرین بس سروس کے دیہات تک پہنچنے پر عوام خوش ہیں۔”
• “وزیراعلیٰ مریم نواز شریف پہلے کام کر کے دکھاتی ہیں، اعلان بعد میں کرتی ہیں۔”
• “میرٹ اور شفافیت کی پالیسی نے عوام کے دل جیت لیے ہیں۔”
• “مریم نواز شریف کی قیادت نے صوبے کی ترقی کی رفتار بدل دی ہے۔”
پارلیمنٹرینز نے مزید کہا کہ میانوالی اور وزیرآباد میں گرین بس پراجیکٹ کا آغاز مساوی ترقی کے ویژن کی عملی مثال ہے۔