اسلام آباد: وزیراعظم کی زیر صدارت جناح میڈیکل کمپلیکس اینڈ ریسرچ سینٹر کی تعمیر کی پیش رفت کا اجلاس

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت جناح میڈیکل کمپلیکس اینڈ ریسرچ سینٹر کی تعمیر اور جدید طبی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں منصوبے کی موجودہ پیش رفت، انتظامات اور کارکردگی پر بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ جناح میڈیکل کمپلیکس کی جلد تکمیل میں درپیش تمام مشکلات کو متعلقہ اداروں کے باہمی تعاون سے فوری طور پر حل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کی معیاری تعمیر اور جدید طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے جامع حکمت عملی کے تحت کام کیا جا رہا ہے۔

اجلاس میں وزیراعظم نے مقامی آبادی تک طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے جناح میڈیکل کمپلیکس کے زیر اہتمام ذیلی طبی مرکز کی تعمیر کو بھی ہنگامی بنیادوں پر شروع کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے بین الاقوامی ماہرین کی خدمات کی ضرورت کے مطابق حصول کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی۔

بریفنگ کے مطابق، جناح میڈیکل کمپلیکس کے لیے مطلوبہ زمین حاصل کر لی گئی ہے اور ڈیزائن کنسلٹنٹ کا انتخاب بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے منصوبے کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کو بھی یقینی بنانے کی خصوصی ہدایت دی۔

اجلاس میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر برائے صحت مصطفی کمال، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

وزیراعظم نے متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو ہدایت دی کہ باہمی تعاون کے ذریعے اس اہم منصوبے کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو جدید اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

Related posts

عمران خان کو جیل میں مکمل سہولیات اور پسند کا کھانا فراہم کیا جا رہا ہے، صحت بالکل ٹھیک ہے: اعظم نذیر تارڑ

پنجاب حکومت کی کارکردگی گراونڈ پر نظر آ رہی ہے، عوام کو صحت سمیت مختلف شعبوں میں ریلیف مل رہا ہے: عظمیٰ بخاری

جنید صفدر ایک بار پھر رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے کو تیار، شادی کی تقریبات جنوری کے وسط میں متوقع