لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن نے حالیہ ضمنی الیکشن بیانیے کی نہیں بلکہ کارکردگی کی بنیاد پر جیتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ “آج نہ فیض حمید ہے اور نہ وہ ججز جو پی ٹی آئی کو جتواتے تھے”۔
صوبائی وزرا اور سیکرٹریز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے ضمنی الیکشن میں کامیابی کو عوامی اعتماد کا اظہار قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نے 2024 کے عام انتخابات میں ہاری ہوئی نشستیں دوبارہ جیت کر یہ ثابت کردیا ہے کہ عوام کارکردگی کو ترجیح دیتے ہیں۔
“الیکشن بیانیوں سے نہیں، کارکردگی سے جیتا جاتا ہے”
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے عوام نے مسلم لیگ ن کے حق میں فیصلہ دیا۔
انہوں نے کہا کہ “عوام اب محض بیانیوں سے تنگ آچکے ہیں، ملک بیانیوں سے نہیں بلکہ عملی کام اور کارکردگی سے ترقی کرتا ہے۔ کارکردگی سے بہتر کوئی بیانیہ نہیں ہوسکتا۔”
“تحریک لبیک کو 2017 کے ضمنی الیکشن میں لانچ کیا گیا”
وزیراعلیٰ پنجاب نے 2017 کے سیاسی حالات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ:
“تحریک لبیک کو 2017 کے ضمنی الیکشن میں لانچ کیا گیا، گلگت بلتستان میں ہمارے کامیاب جلسوں کے باوجود ہم سے نشستیں چھینی گئیں۔ سب کو معلوم ہے کہ دھاندلی کب اور کس کے حق میں ہوئی تھی۔”
“بیانیے والے صرف نوجوانوں کو گمراہ کرتے ہیں”
مریم نواز نے کہا کہ ہری پور میں مسلم لیگ ن کی واضح جیت نے بہت سے دعووں کی حقیقت کھول دی۔
انہوں نے مزید کہا: “بیانیے والوں کو کام کرنا نہیں آتا، وہ صرف نوجوانوں کو گمراہ کرتے ہیں۔ پی ٹی آئی نے قیدی نمبر 804 کے نام پر انتخاب لڑا مگر شکست ہوئی۔ ان کے مقبولیت کے دعوے زمین بوس ہوگئے۔”
“2018 میں ملک کو ڈی ریل کیا گیا”
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ 2018 میں ملک کو ڈی ریل کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا:
“آج نہ فیض حمید ہے اور نہ وہ ججز جو پی ٹی آئی کو جتواتے تھے۔ بائیکاٹ تب ہوتا ہے جب شکست یقینی ہو۔ میں اور نواز شریف جیل بھی گئے مگر انتخابی عمل کا بائیکاٹ نہیں کیا۔