مصطفیٰ کمال کی پریس کانفرنس — “شکر کریں فوج صرف پریس کانفرنس میں جواب دے رہی ہے، یہ فوج پوری قوم کی ہے”

وفاقی وزیر برائے صحت اور ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما مصطفیٰ کمال نے پریس کانفرنس میں پاک فوج کے خلاف الزامات کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام شکر کریں کہ اتنے ناپاک الزامات کے باوجود فوج صرف پریس کانفرنس کرکے جواب دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فوج نے ہمیشہ دشمن کے عزائم ناکام بنائے ہیں اور قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پاک فوج نے اپنی سے کئی گنا بڑی بھارتی فوج کے عزائم خاک میں ملائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس بیانیے کو مسترد کرتے ہیں کہ پاکستان اور فوج کے درمیان کوئی فاصلہ موجود ہے، ہمیں اپنی فوج اور اس کی قیادت پر مکمل فخر ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ “ہم کراچی کے رہنے والے ہیں، 40 سال میں سب بھگتا ہے۔ شکر کریں فوج صرف بات کر رہی ہے، ورنہ اس سے کم گناہ کرنے پر مائیں اپنے بچوں کو ڈھونڈتی رہی ہیں۔” انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت کو اپنی پالیسیوں پر نظر ثانی کرنی چاہیے کیونکہ یہ ممکن نہیں کہ ملک صرف تبھی آگے بڑھے جب وہ وزیراعظم ہوں۔

مصطفیٰ کمال نے زور دیا کہ پاک فوج کسی ایک جماعت کی نہیں بلکہ پوری قوم کی فوج ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی فوج نے خطے میں بھارت کی بالادستی کے خواب کو چکنا چور کیا اور پاکستان کی عزت میں اضافہ کیا۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی اور اس کی قیادت دنیا بھر میں پاکستانی فوج کو بدنام کر رہی ہے۔ ان کے مطابق پی ٹی آئی کے بیانیے کا مقصد فوج کے حوصلے پست کرنا ہے جبکہ ایم کیو ایم پاکستان اس بیانیے کو مسترد کرتی ہے اور سمجھتی ہے کہ عوام اور فوج کے درمیان کوئی خلیج موجود نہیں۔

ایم کیو ایم کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے بھی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کا بیانیہ قومی سلامتی کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے درست کہا تھا کہ بانی تحریک انصاف “ذہنی مریض” ہیں.

Related posts

عمران خان کی بہنوں نے ملاقات کی اجازت نہ دینے پر اڈیالہ جیل کے قریب دھرنا دے دیا

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا ملک میں نئے صوبوں کے قیام کا مطالبہ—ورکرز کنونشن میں خطاب

آئی ایم ایف کا اجلاس آج، پاکستان کے لیے 1 ارب 20 کروڑ ڈالر کی نئی قسط پر غور