پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) آزاد کشمیر کو بڑا جھٹکا لگ گیا، تحصیل سماہنی (بھمبر) کے صدر میجر (ر) طارق محمود نے پارٹی چھوڑنے کا باضابطہ اعلان کردیا۔
سماہنی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے میجر (ر) طارق محمود نے کہا کہ وہ ایسی جماعت کا حصہ نہیں رہ سکتے جو پاک فوج مخالف بیانیہ اختیار کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے خلاف جاری بیانات ناقابلِ قبول ہیں اور وہ اس کے خلاف بطور احتجاج پارٹی چھوڑ رہے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ ان کے نزدیک وطن اور پاک فوج سے بڑھ کر کچھ نہیں۔
“پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، فوج مخالف عزائم رکھنے والی کسی جماعت کا ساتھ نہیں دے سکتا۔”
میجر (ر) طارق محمود کے اعلان کے بعد علاقے میں سیاسی حلقوں میں بھی نئی بحث شروع ہوگئی ہے، جبکہ پی ٹی آئی آزاد کشمیر کی تنظیمی صورتحال پر اس فیصلے کے اثرات کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے.