عمران خان کی ہدایت پر اسٹریٹ موومنٹ کی تیاری شروع، آئین پرامن احتجاج کا حق دیتا ہے: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی ہدایت پر اسٹریٹ موومنٹ کی تیاری شروع کر دی گئی ہے اور آئین پاکستان شہریوں کو پُرامن احتجاج کا حق دیتا ہے، جسے ہر صورت استعمال کیا جائے گا۔

پشاور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ہمیشہ آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر جدوجہد کی ہے اور یہی جماعت کی شناخت ہے۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ ہر سطح پر تیار رہیں کیونکہ عمران خان کی ہدایت کے مطابق تحریک کی تیاریاں جاری ہیں۔

سہیل آفریدی نے الزام عائد کیا کہ ملک دشمن سیاسی جماعتوں نے اقتدار کی خاطر ریاستی اداروں اور جمہوریت کو نقصان پہنچایا اور سپریم کورٹ پر حملہ بھی انہی عناصر کی جانب سے کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سازشی قوتیں نوجوانوں کو اشتعال دلانے کی کوشش کریں گی، اس لیے ضروری ہے کہ توجہ اصل مقصد سے نہ ہٹائی جائے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے نوجوانوں کو خبردار کیا کہ وہ ملک دشمن بیانیے اور منفی پروپیگنڈے سے ہوشیار رہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ غلط سیاسی کلچر اور انتشار کی سیاست کرپٹ عناصر کی پیداوار ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ حقیقی آزادی کی جدوجہد آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے جاری رہے گی۔

Related posts

اسٹیبلشمنٹ اور بیوروکریسی کو دشمن نہیں سمجھتے، غلطی کو غلط کہنا ہمارا حق ہے: مولانا فضل الرحمان

پی ٹی آئی نے وزیراعظم شہباز شریف کی مذاکرات کی پیشکش مسترد کر دی

وزیراعظم شہباز شریف کی پی ٹی آئی کو ایک بار پھر مذاکرات کی دعوت