لاہور: وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبہ پنجاب نے ترقی، فلاح اور بہتر طرزِ حکمرانی کی نئی مثالیں قائم کی ہیں۔ پنجاب حکومت کی سالانہ کارکردگی شفافیت، عوامی اعتماد اور زمینی حقائق پر مبنی منصوبہ بندی کا واضح ثبوت ہے۔
ڈی جی پی آر میں پنجاب حکومت کی سالانہ کارکردگی پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ایک سال کے دوران 90 فلیگ شپ منصوبے شروع کیے جو مکمل طور پر گراونڈ پر موجود ہیں اور عوام براہِ راست ان سے مستفید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں، طلباء، مزدوروں، نوجوانوں اور خواتین سمیت معاشرے کے تمام طبقات کو ترقی کے عمل میں شامل کیا گیا، جس کی بدولت پنجاب دیگر صوبوں کے مقابلے میں ترقی میں سب سے آگے ہے۔
انہوں نے کہا کہ الیکٹرک بسیں، گرین ٹرین، الیکٹرک بائیکس، ستھرا پنجاب، اپنی چھت اپنا گھر، آسان کاروبار، نواز شریف آئی ٹی سٹی اور کسان کارڈ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے نمایاں فلیگ شپ منصوبے ہیں، جنہوں نے سہولت، روزگار، تعلیم، ٹرانسپورٹ، ماحولیات اور معاشی استحکام کے نئے دروازے کھولے ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ پنجاب میں امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے، جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں کی گئیں اور منشیات فروش نیٹ ورکس کو توڑا گیا۔ پولیس کی استعداد بڑھانے کے لیے جدید آلات، ڈرون ٹیکنالوجی، اینٹی ڈرون سسٹمز، تھرمل ڈیوائسز اور بکتر بند گاڑیاں فراہم کی گئیں، جبکہ کچے کے علاقوں میں آپریشنز جاری ہیں جو مکمل کلیئرنس تک جاری رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت لاہور کے قدیم ویسٹ ڈپو لکھو ڈیر کو ویسٹ ٹو انرجی زون میں تبدیل کیا جا رہا ہے، جہاں 50 میگاواٹ کا پاور پلانٹ لگایا جائے گا، جو صوبے میں کچرے سے توانائی کے حصول کا پہلا بڑا منصوبہ ہوگا۔
وزیر اطلاعات نے بتایا کہ اپنی چھت اپنا گھر منصوبے کے تحت اب تک 50 ہزار سے زائد گھر مکمل ہو چکے ہیں جبکہ مجموعی طور پر 1 لاکھ 26 ہزار گھر زیر تعمیر ہیں۔ بیوہ خواتین، اقلیتوں اور کم آمدن افراد کو خصوصی ترجیح دی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں فیصل آباد میں اورنج اور ریڈ لائن منصوبے، گوجرانوالہ کو میٹرو نیٹ ورک سے جوڑنے کا اعلان اور پورے پنجاب میں 1500 الیکٹرک بسوں کی شمولیت شہری آمدورفت میں انقلابی تبدیلی ثابت ہو رہی ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ آسان کاروبار اسکیم کے تحت چھ ماہ میں اربوں روپے کے بلاسود قرضے دیے گئے جن میں خواتین اور نوجوانوں کا نمایاں حصہ شامل ہے۔ کسان کارڈ کے ذریعے 250 ارب روپے فراہم کیے جا چکے ہیں، جبکہ گرین ٹریکٹر اور سپر سیڈر بھی تقسیم کیے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ نواز شریف کینسر ہسپتال جنوری میں فعال ہو جائے گا، سرگودھا کارڈیالوجی ہسپتال میں کام شروع ہو چکا ہے اور جلد وزیراعلیٰ اس کا افتتاح کریں گی۔ اس کے علاوہ میڈیکل ڈسٹرکٹ لاہور، رحیم یار خان اور نارووال میں برن یونٹس کا قیام صحت کے شعبے میں نئے دور کا آغاز ہے، جبکہ 4300 بچوں کی کامیاب دل کی سرجریز ایک تاریخی سنگ میل ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مہمان نوازی پنجاب کی روایت ہے اور خیبر پختونخوا کے وزراء کو مکمل احترام دیا گیا، تاہم بعض غیر سنجیدہ گفتگو اور نامناسب زبان افسوسناک ہے۔ انہوں نے پنجاب اسمبلی میں بدتمیزی اور دھکم پیل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ہر سطح پر شائستگی اور ضبط کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جرنلسٹ ہاؤسنگ سوسائٹی فیز ٹو کی سکروٹنی کمیٹی اپنا کام مکمل کر رہی ہے، جس کے بعد وزیراعلیٰ الاٹمنٹ لیٹرز جاری کریں گی۔ وزیر اطلاعات نے صحافیوں کے ساتھ پیش آنے والے حالیہ ناخوشگوار واقعے کی مذمت کرتے ہوئے واضح کیا کہ میڈیا کا احترام اور تحفظ پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے۔