پی آئی اے کا اسلام آباد سے لندن کے لیے پروازیں شروع کرنے کا اعلان

اسلام آباد: قومی ایئرلائن پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے مانچسٹر کے بعد اسلام آباد سے لندن کے لیے بھی پروازیں شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

پی آئی اے کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اسلام آباد سے لندن کے لیے ہفتہ وار چار پروازیں آپریٹ کی جائیں گی، جبکہ یہ پروازیں لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ کے جدید ترین ٹرمینل 4 سے آپریٹ ہوں گی۔

ترجمان نے بتایا کہ پی آئی اے کی لندن کے لیے پہلی پرواز 29 مارچ سے روانہ ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ لندن کے لیے پی آئی اے کی پروازیں چھ سال کے طویل وقفے کے بعد بحال کی جا رہی ہیں۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق لندن قومی ایئرلائن کا پہلا بین الاقوامی روٹ اور انتہائی پرکشش منزلوں میں شامل ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پی آئی اے پہلے ہی مانچسٹر کے لیے ہفتہ وار تین پروازیں آپریٹ کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ وزیر دفاع خواجہ آصف نے اکتوبر 2025 میں اسلام آباد سے مانچسٹر کے لیے ہفتہ وار تین پروازوں کا افتتاح کیا تھا، جس کے بعد پی آئی اے کی پہلی پرواز مانچسٹر پہنچی تھی۔

پی آئی اے کی جانب سے لندن روٹ کی بحالی کو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے ایک اہم سہولت قرار دیا جا رہا ہے۔

Related posts

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی، ہنڈرڈ انڈیکس ڈیڑھ گھنٹے میں 3 ہزار سے زائد پوائنٹس بڑھ گیا

عمران خان کو جیل میں مکمل سہولیات اور پسند کا کھانا فراہم کیا جا رہا ہے، صحت بالکل ٹھیک ہے: اعظم نذیر تارڑ

پنجاب حکومت کی کارکردگی گراونڈ پر نظر آ رہی ہے، عوام کو صحت سمیت مختلف شعبوں میں ریلیف مل رہا ہے: عظمیٰ بخاری