پی آئی اے کا اسلام آباد سے لندن کے لیے پروازیں شروع کرنے کا اعلان

اسلام آباد: قومی ایئرلائن پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے مانچسٹر کے بعد اسلام آباد سے لندن کے لیے بھی پروازیں شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

پی آئی اے کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اسلام آباد سے لندن کے لیے ہفتہ وار چار پروازیں آپریٹ کی جائیں گی، جبکہ یہ پروازیں لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ کے جدید ترین ٹرمینل 4 سے آپریٹ ہوں گی۔

ترجمان نے بتایا کہ پی آئی اے کی لندن کے لیے پہلی پرواز 29 مارچ سے روانہ ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ لندن کے لیے پی آئی اے کی پروازیں چھ سال کے طویل وقفے کے بعد بحال کی جا رہی ہیں۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق لندن قومی ایئرلائن کا پہلا بین الاقوامی روٹ اور انتہائی پرکشش منزلوں میں شامل ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پی آئی اے پہلے ہی مانچسٹر کے لیے ہفتہ وار تین پروازیں آپریٹ کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ وزیر دفاع خواجہ آصف نے اکتوبر 2025 میں اسلام آباد سے مانچسٹر کے لیے ہفتہ وار تین پروازوں کا افتتاح کیا تھا، جس کے بعد پی آئی اے کی پہلی پرواز مانچسٹر پہنچی تھی۔

پی آئی اے کی جانب سے لندن روٹ کی بحالی کو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے ایک اہم سہولت قرار دیا جا رہا ہے۔

Related posts

وفاقی حکومت نے عیدالفطر کی تعطیلات کا اعلان کر دیا

حج پروازوں کی معطلی کی خبریں بے بنیاد قرار، انتظامات شیڈول کے مطابق جاری ہیں: وزارت مذہبی امور

پاکستان پنشن نظام میں اصلاحات کے لیے اے ڈی بی سے 50 کروڑ ڈالر قرض لینے کا منصوبہ