وزیراعظم محمد شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آج شام مملکتِ سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم، عزت مآب شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی گفتگو نہایت گرمجوش اور خوشگوار رہی۔

گفتگو کے دوران وزیراعظم نے خادمِ حرمینِ شریفین، عزت مآب شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے نیک تمناؤں اور گہرے احترام کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے پاکستان کے لیے ولی عہد کی محبت، خلوص اور گرمجوشی پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ، برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا، جو حالیہ مہینوں میں نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں۔ گفتگو کے دوران علاقائی صورتحال اور موجودہ پیش رفت پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے مختلف چیلنجز کے تناظر میں امتِ مسلمہ کے درمیان اتحاد اور ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ علاقائی امن و استحکام کے لیے بات چیت اور سفارت کاری ناگزیر ہے۔ انہوں نے مملکتِ سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔

ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ٹیلیفونک رابطے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان کے ساتھ باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی مملکت کی خواہش کا اعادہ کیا۔ انہوں نے آئندہ برس پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔

Related posts

جنید صفدر ایک بار پھر رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے کو تیار، شادی کی تقریبات جنوری کے وسط میں متوقع

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان ریلویز کی کارکردگی مزید مؤثر بنانے کے لیے نجی شعبے کے ماہرین سے مشاورتی اجلاس

ورلڈ لبرٹی فنانشل کے وفد کی وزیراعظم سے ملاقات پاکستان میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کی جدت کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط