بی سی سی آئی میں ریڈ بال کوچنگ تبدیلی کی قیاس آرائیاں، گوتم گمبھیر کے مستقبل پر سوالات

نئی دہلی: بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے مبینہ طور پر گوتم گمبھیر کو ریڈ بال کرکٹ کی کوچنگ سے الگ کرنے کی منصوبہ بندی شروع کر دی ہے، تاہم بورڈ کی جانب سے اس کی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گوتم گمبھیر سے بھارتی ٹیسٹ ٹیم کی کوچنگ واپس لیے جانے کا امکان ہے اور اس سلسلے میں سابق ٹیسٹ کرکٹر وی وی ایس لکشمن سے بات چیت کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ میں ٹیم کی کارکردگی تسلی بخش نہ ہونے کے باعث کوچنگ میں تبدیلی پر غور کیا جا رہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وی وی ایس لکشمن کو ریڈ بال کرکٹ کا ہیڈ کوچ مقرر کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، تاہم اس حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ تاحال سامنے نہیں آیا۔

دوسری جانب بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا نے ان خبروں کو محض افواہیں قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔ راجیو شکلا کا کہنا ہے کہ گوتم گمبھیر کو ہٹانے کے حوالے سے بورڈ میں کوئی بات نہیں ہوئی اور نہ ہی کسی نئے کوچ کو لانے پر غور کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس قسم کی افواہوں کو غیر ضروری طور پر پھیلانا مناسب نہیں اور بی سی سی آئی کی جانب سے اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کی وضاحت کے بعد بھی کوچنگ سے متعلق قیاس آرائیاں بدستور جاری ہیں، تاہم حتمی صورتحال کا انحصار بورڈ کے باضابطہ اعلان پر ہوگا۔

Related posts

تیسرے ٹیسٹ میں پاکستان کی بیٹنگ پھر ناکام، انگلینڈ کے خلاف 133 رنز پر پوری ٹیم آؤٹ

لارڈز ٹیسٹ میں شکست کے بعد امام الحق اور محمد رضوان کے خلاف تحقیقات کا دائرہ وسیع، موبائل ڈیٹا بھی حاصل کرلیا گیا

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے اگلے ایڈیشن کو روایتی شیڈول سے پہلے جنوری میں منعقد کرانے کی تجویز