لارڈز ٹیسٹ میں شکست کے بعد امام الحق اور محمد رضوان کے خلاف تحقیقات کا دائرہ وسیع، موبائل ڈیٹا بھی حاصل کرلیا گیا

لاہور: لارڈز ٹیسٹ میں پاکستان کی انگلینڈ کے ہاتھوں بھاری شکست کے بعد قومی ٹیم کے دو اہم کھلاڑیوں امام الحق اور محمد رضوان کے خلاف جاری تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے دونوں کرکٹرز کے موبائل فونز کا ڈیٹا حاصل کرلیا ہے، جبکہ ان کی سرگرمیوں اور روابط سے متعلق بھی چھان بین کی جارہی ہے۔
مصدقہ ذرائع کے مطابق لارڈز ٹیسٹ میں پاکستان کو 194 رنز سے شکست کے بعد جب قومی ٹیم ہوٹل پہنچی تو ٹیم کے سکیورٹی افسر نے امام الحق اور محمد رضوان کے موبائل فونز اپنے قبضے میں لے لیے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں کھلاڑیوں کے فون کئی گھنٹے تک سکیورٹی حکام کے پاس رہے، جس دوران ان کا ڈیٹا کسی دوسری جگہ منتقل کیا گیا، بعد ازاں موبائل فونز دونوں کرکٹرز کو واپس کردیئے گئے۔
ذرائع کے مطابق تحقیقات کا مقصد صرف دونوں کھلاڑیوں کی موبائل سرگرمیوں کا جائزہ لینا نہیں بلکہ یہ بھی معلوم کرنا ہے کہ وہ کن افراد کے ساتھ رابطے میں رہے اور ان کے روابط کی نوعیت کیا تھی۔
ذرائع نے بتایا کہ پی سی بی کی جانب سے تحقیقات میں ملنے والے ڈیٹا اور دیگر شواہد کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ اگر تحقیقات کے دوران دونوں کھلاڑیوں کے خلاف ٹھوس شواہد سامنے آتے ہیں تو انہیں بھاری جرمانوں سمیت دیگر تادیبی کارروائیوں کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
یہ امکان بھی ظاہر کیا جارہا ہے کہ اگر تحقیقات میں سنگین نوعیت کی خلاف ورزی ثابت ہوئی تو مستقبل میں امام الحق اور محمد رضوان کو قومی ٹیم کی نمائندگی سے محروم بھی کیا جاسکتا ہے، تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ تحقیقات مکمل ہونے اور شواہد کا جائزہ لینے کے بعد ہی ہوگا۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کردیا ہے اور دونوں کھلاڑیوں سے متعلق مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جارہا ہے۔
دوسری جانب اس معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے امام الحق اور محمد رضوان کے موبائل فونز کا ڈیٹا حاصل کیے جانے کی تصدیق یا تردید کرنے سے گریز کیا۔
واضح رہے کہ لارڈز ٹیسٹ میں پاکستان کی شکست کے بعد قومی ٹیم کی کارکردگی اور کھلاڑیوں کے طرز عمل پر مختلف سوالات اٹھائے گئے ہیں، جس کے بعد پی سی بی کی جانب سے بعض معاملات کی اندرونی سطح پر جانچ پڑتال کی جارہی ہے۔ دونوں کرکٹرز کے خلاف موجودہ تحقیقات کے نتائج سامنے آنے کے بعد ہی یہ واضح ہوسکے گا کہ ان کے خلاف مزید کارروائی کی جاتی ہے یا نہیں۔

Related posts

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے اگلے ایڈیشن کو روایتی شیڈول سے پہلے جنوری میں منعقد کرانے کی تجویز

100 کلومیٹر سے زائد دوڑنے کے بعد بولنگ، برطانوی کرکٹر نے انوکھا عالمی ریکارڈ قائم کرنے کی کوشش کردی

قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر محسن نقوی کا اظہارِ افسوس، بورڈ کے فیصلوں پر تنقید کرنے والوں کو بھی جواب دے دیا