وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے نئے سال کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ نئے سال کی شروعات پنجاب کے لیے صحت کے شعبے میں ایک بڑی خوشخبری کے ساتھ ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی سرپرستی میں صوبے میں طبی سہولیات کے میدان میں اہم کامیابیاں حاصل کی گئی ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب میں اینڈو ویسکیولر اینوریزم کے جدید ترین علاج کا نیا دور شروع ہو چکا ہے اور عالمی معیار کا ویسکیولر علاج اب پہلی بار صوبے میں دستیاب ہے۔ انہوں نے بتایا کہ امریکا میں تربیت یافتہ ڈاکٹر حبیب خان کی وطن واپسی کے بعد یہ سہولت ممکن ہو سکی ہے۔
وزیر اطلاعات کے مطابق پاکستان میں پہلی بار پھٹے ہوئے پیٹ کی شریان (Abdominal Aortic Aneurysm) کا جدید EVAR آپریشن کامیابی سے مکمل کیا گیا، جسے انہوں نے پاکستانی طبی تاریخ کا ایک تاریخی سنگِ میل قرار دیا۔
عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ یہ پیچیدہ اور جان لیوا آپریشن ڈاکٹر حبیب خان، جو امریکا سے بورڈ سرٹیفائیڈ اور واحد پاکستانی ویسکیولر سرجن ہیں، نے لاہور میں انجام دیا۔ ان کے مطابق اس جدید طریقۂ علاج میں اسٹنٹ کے ذریعے شریان کو اندر سے مضبوط کر کے خون کے بہاؤ کو محفوظ بنایا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس طریقۂ علاج کی خاص بات یہ ہے کہ مریض کو نہ بے ہوش کرنا پڑتا ہے، نہ وینٹیلیٹر پر ڈالنے کی ضرورت ہوتی ہے اور نہ ہی شدید درد کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ عظمیٰ بخاری کے مطابق یہ عالمی سطح پر تسلیم شدہ جدید علاج ہے جو اب پنجاب میں دستیاب ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ 300 ملین آبادی والے ملک میں ویسکیولر کیئر کا وہ معیار متعارف ہو گیا ہے جو برسوں پہلے آ جانا چاہیے تھا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پنجاب میں کینسر کے جدید علاج کے لیے کیموتھراپی کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ پنجاب صحت کے شعبے میں ہر سطح پر نمایاں کامیابیاں حاصل کر رہا ہے اور وزیراعلیٰ مریم نواز پنجاب کے عوام کو جدید اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے مسلسل کوشاں ہیں۔
انہوں نے نئے سال کے موقع پر اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبائی حکومت صحت سمیت تمام شعبوں میں عوامی فلاح کے منصوبوں کو مزید وسعت دے گی۔