وزیراعظم شہباز شریف سے متحدہ عرب امارات کے سجوانی گروپ کے وفد کی ملاقات

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے متحدہ عرب امارات کے معروف سجوانی گروپ کے وفد نے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے اقتصادی تعاون اور سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان گہرے، دیرینہ اور برادرانہ تعلقات قائم ہیں جو باہمی اعتماد اور احترام پر مبنی ہیں۔ انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ شیخ محمد بن زاید النہیان کے حالیہ دورے نے دونوں ممالک کی شراکت داری کو مزید تقویت دی اور تعاون کے فروغ کے لیے سازگار فضا قائم کی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ اعلیٰ سطحی رابطوں اور تبادلوں نے پاکستان اور اماراتی نجی شعبے کے درمیان اعتماد میں اضافہ کیا ہے اور سرمایہ کاری و تجارتی شراکت داری کے مضبوط مواقع فراہم کیے ہیں۔

انہوں نے خاص طور پر انفارمیشن ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل جدت، بلاک چین اور دیگر ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں بزنس ٹو بزنس (B2B) تعاون کو اہمیت دی اور پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت میں اماراتی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی سرمایہ کاری، جدت اور عالمی روابط کے ساتھ پاکستان کی افرادی قوت معاشی ترقی کے لیے مضبوط شراکت داری فراہم کرتے ہیں۔

سجوانی گروپ کے وفد نے پاکستان میں سرمایہ کاری اور معاشی شراکت داری کے مواقعوں پر مزید تعاون کرنے کا عزم دہرایا۔ وزیراعظم نے اعتماد ظاہر کیا کہ دونوں ممالک کی سیاسی قیادت کی حمایت اور نجی شعبے کی شمولیت سے پاکستان-متحدہ عرب امارات اقتصادی تعلقات نئی بلندیوں تک پہنچیں گے۔

ملاقات کے اختتام پر، سجوانی گروپ کے وفد نے پاکستان میں پرتپاک استقبال اور میزبانی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں وزیراعظم نے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔

Related posts

جنید صفدر ایک بار پھر رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے کو تیار، شادی کی تقریبات جنوری کے وسط میں متوقع

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان ریلویز کی کارکردگی مزید مؤثر بنانے کے لیے نجی شعبے کے ماہرین سے مشاورتی اجلاس

ورلڈ لبرٹی فنانشل کے وفد کی وزیراعظم سے ملاقات پاکستان میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کی جدت کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط