وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت جواہرات و قیمتی پتھروں کے شعبے کی اصلاحات اور قومی پالیسی فریم ورک کی منظوری

اسلام آباد: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے جواہرات و قیمتی پتھروں (Gemstones) کے شعبے کی اصلاحات اور اسے بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرنے کے لیے قومی پالیسی فریم ورک کی اصولی منظوری دے دی۔

اسلام آباد میں منعقدہ اعلیٰ سطح اجلاس میں وزیرِ اعظم نے رواں برس فریم ورک میں شامل اقدامات پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جواہرات و قیمتی پتھروں کے وسیع ذخائر موجود ہیں، جن کی جیولاجیکل سروے کے ذریعے جغرافیے اور مالیت کا تعین ترجیحی بنیادوں پر کیا جائے۔

وزیرِ اعظم نے تمام متعلقہ اداروں، صوبائی حکومتوں اور اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت اور تعاون کو یقینی بنانے کی ہدایت کی اور بین الاقوامی معیار کی لیبارٹریز اور سرٹیفیکیشن کے نفاذ کے فوری اقدامات پر زور دیا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ پاکستان میں جواہرات و قیمتی پتھروں کے ذخائر تقریباً 450 ارب ڈالر کے ہیں لیکن برآمدات صرف 5.8 ملین ڈالر سالانہ ہیں۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ اسمگلنگ کے سدباب اور قانونی برآمدات کے ذریعے اربوں ڈالر زرِ مبادلہ کا حصول ممکن ہے۔

پالیسی فریم ورک میں شامل اہم اقدامات میں شامل ہیں:
• بین الاقوامی معیار کا سرٹیفیکیشن رجیم
• شعبے کی ترقی اور سرمایہ کاری کے لیے اتھارٹی کا قیام
• نیشنل وارنٹی آفس کا قیام
• جیولاجیکل میپنگ اور کان کنی میں جدید ٹیکنالوجی کا نفاذ
• سینٹرز آف ایکسیلینس کا قیام
• برانڈ پاکستان کے ذریعے عالمی مارکیٹ میں پہچان

وزیرِ اعظم نے نجی کمپنیوں اور نوجوان آنٹرپرینیورز کی حوصلہ افزائی پر زور دیا اور کہا کہ پالیسی فریم ورک کی پانچ سالہ حکمت عملی کے تحت پاکستان کی جواہرات کی برآمدات کو ایک ارب ڈالر تک پہنچانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ، علی پرویز ملک، بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی ہارون اختر اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ وزیرِ اعظم نے وزارت خزانہ کو بھی شعبے کی ترقی کے لیے موجودہ مالی وسائل کی فوری فراہمی کی ہدایت کی۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی قیمتی پتھر دنیا بھر میں معیار کے لحاظ سے مقبول ہیں، اور اس شعبے کی ترقی ملک کی معیشت اور نوجوان نسل کے لیے مواقع کا دروازہ کھولے گی۔

Related posts

جنید صفدر ایک بار پھر رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے کو تیار، شادی کی تقریبات جنوری کے وسط میں متوقع

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان ریلویز کی کارکردگی مزید مؤثر بنانے کے لیے نجی شعبے کے ماہرین سے مشاورتی اجلاس

ورلڈ لبرٹی فنانشل کے وفد کی وزیراعظم سے ملاقات پاکستان میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کی جدت کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط