9 مئی واقعات: پنجاب فارنزک سائنس لیبارٹری کی رپورٹ میں اہم سیاسی شخصیات کی موجودگی کی تصدیق

پنجاب فارنزک سائنس لیبارٹری نے 9 مئی کو پیش آنے والے پرتشدد واقعات سے متعلق ایک اہم فرانزک رپورٹ جاری کی ہے، جس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما کامران بنگش، سابق صوبائی وزیر تیمور جھگڑا اور عرفان سلیم کی واقعات کے دوران موجودگی کی تصدیق کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق پشاور پولیس کی درخواست پر پنجاب فارنزک سائنس لیبارٹری نے 9 مئی کے واقعات سے متعلق آڈیو ویژول مواد کا تفصیلی تجزیہ کیا۔ اس مقصد کے لیے پولیس کی جانب سے فراہم کی گئی یو ایس بی میں موجود 16 ویڈیوز کا فریم بہ فریم معائنہ کیا گیا۔

فرانزک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ زیرِ تجزیہ متعدد ویڈیوز میں کسی قسم کی ایڈیٹنگ یا ٹیمپرنگ کے واضح شواہد نہیں ملے، تاہم چند ویڈیوز میں لوگوں کے اضافے اور ٹیکسٹ اوورلے شامل کیے جانے کی نشاندہی ضرور کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق بعض کلپس میں تکنیکی تبدیلیاں موجود ہیں، جن میں ویڈیو کلپس کو جوڑنے کے آثار بھی پائے گئے۔

رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اور عرفان سلیم سے متعلق دو ویڈیوز میں کلپس کو آپس میں جوڑنے کے شواہد سامنے آئے۔ تاہم فرانزک ماہرین نے سہیل آفریدی کی سوشل میڈیا پروفائل تصویر کو 9 مئی کی ویڈیوز میں موجود شخص سے موازنہ کیا، جس کے نتیجے میں دونوں کے ایک ہی شخص ہونے کی تصدیق ہوئی۔

اسی طرح عرفان سلیم کی پروفائل تصویر کو بھی ویڈیوز میں موجود فرد سے میچ کیا گیا، جس سے ان کی شناخت کی توثیق ہوگئی۔ رپورٹ کے مطابق کامران بنگش کی پروفائل تصویر اور ویڈیو میں نظر آنے والا شخص ایک ہی قرار دیا گیا، جبکہ سابق صوبائی وزیر تیمور جھگڑا کی پروفائل تصویر اور ویڈیوز میں موجود فرد کے درمیان بھی واضح مطابقت پائی گئی۔

پنجاب فارنزک سائنس لیبارٹری نے اپنی رپورٹ میں واضح کیا ہے کہ تمام تجزیہ صرف ویژول مواد تک محدود رکھا گیا اور آڈیو یا دیگر شواہد کو اس رپورٹ کا حصہ نہیں بنایا گیا۔ رپورٹ کی تیاری کا عمل 19 دسمبر سے 23 دسمبر 2025 کے دوران مکمل کیا گیا۔

واضح رہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت نے ریڈیو پاکستان حملہ کیس میں پولیس سے فرانزک رپورٹ طلب کی تھی، جس کے بعد پولیس نے ویڈیوز کے تجزیے کے لیے یہ مواد پنجاب فارنزک سائنس لیبارٹری کو بھجوایا تھا۔ رپورٹ سامنے آنے کے بعد کیس میں قانونی پیش رفت اور سیاسی حلقوں میں ردعمل کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

Related posts

جنید صفدر ایک بار پھر رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے کو تیار، شادی کی تقریبات جنوری کے وسط میں متوقع

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان ریلویز کی کارکردگی مزید مؤثر بنانے کے لیے نجی شعبے کے ماہرین سے مشاورتی اجلاس

ورلڈ لبرٹی فنانشل کے وفد کی وزیراعظم سے ملاقات پاکستان میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کی جدت کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط