تربت: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے تربت میں فرنٹیئر کور بلوچستان (ساوتھ) کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں آئی جی ایف سی بلوچستان (ساوتھ) نے معزز مہمانوں کا خیر مقدم کیا اور فورس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، سیکیورٹی تیاریوں اور فیلڈ آپریشنز سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
بریفنگ کے دوران وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو جدید اینٹی ڈرون گنز، سرویلنس اور مانیٹرنگ سسٹمز کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ وفاقی وزیر داخلہ اور وزیراعلیٰ بلوچستان نے ایف سی بلوچستان (ساوتھ) کی پیشہ ورانہ تیاریوں کو سراہتے ہوئے فتنہ الہندوستان سمیت دیگر دہشتگرد تنظیموں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر فرنٹیئر کور کو خراج تحسین پیش کیا۔
دورے کے دوران محسن نقوی اور سرفراز بگٹی نے ایف سی بلوچستان (ساوتھ) کے زیر تعمیر ہسپتال کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے او پی ڈی، مختلف وارڈز اور دیگر طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ وفاقی وزیر داخلہ نے ہسپتال کی عمارت کو مختصر مدت میں مکمل کرنے پر آئی جی ایف سی بلوچستان (ساوتھ) اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ وفاقی حکومت اس ہسپتال کو جلد فعال بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہسپتال کے فعال ہونے سے تربت اور گردونواح کے عوام کو علاج معالجے کی بہترین اور جدید سہولتیں میسر آئیں گی، جس سے انہیں بڑے شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس موقع پر کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے میڈیکل آلات اور ضروری مشینری کی فراہمی کے لیے جہاں تک ممکن ہوا مکمل تعاون کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ہسپتال کی سافٹ اوپننگ 23 مارچ کو کی جائے گی جبکہ اپریل میں اسے باقاعدہ طور پر آپریشنل کر دیا جائے گا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات ظہور بلیدی بھی موجود تھے۔