اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے آج رات اور جمعہ کے روز ملک کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے، جس سے سڑکوں کی بندش اور آمدورفت متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ کشمیر، مری، گلیات، اسلام آباد اور پنجاب کے مقامی ندی نالوں میں فلیش فلڈ کا خطرہ موجود ہے، جبکہ ڈی جی خان کے پہاڑی علاقوں اور شمال مشرقی بلوچستان کے برساتی ندی نالوں میں بھی طغیانی آ سکتی ہے۔
دوسری جانب لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، ملتان اور فیصل آباد میں اربن فلڈنگ کا الرٹ جاری کرتے ہوئے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور شہری زندگی متاثر ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق تیز آندھی، گرج چمک اور بارش کے باعث کمزور عمارتیں، کچی آبادیاں، سولر پینلز، بجلی کے کھمبے اور درخت متاثر ہو سکتے ہیں، جس کے پیش نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے عوام سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، نشیبی اور خطرناک مقامات سے دور رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔