عید الفطر کب ہوگی ؟ محکمہ موسمیات کے بعد سپارکو نے بھی پیشگوئی کردی

اسلام آباد : پاکستان کے اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو)  نے بھی شوال 1446 ہجری کے چاند کی رویت سے متعلق  پیش گوئی کردی۔

سپارکو کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق  رمضان کا مہینہ 29 دن کا ہونے کی توقع ہے جبکہ عید الفطر 31 مارچ کو ہوگی۔

سپارکو کے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ  شوال کا نیا چاند  29 مارچ کو  دوپہر 3 بج کر 58 منٹ پر تشکیل پائے گا اور 30 مارچ کو غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 27 گھنٹے ہوگی۔

اعلامیے کے مطابق 30 مارچ کو چاند اور سورج کا زاویائی فاصلہ تقریباً 16 ڈگری اور غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی بلندی تقریباً 14 ڈگری ہوگی لہٰذا  30 مارچ کو ہلال انسانی آنکھ سے آسانی سے نظر آئے گا تاہم عیدالفطر کی حتمی رویت کا فیصلہ رویت ہلال کمیٹی کی ذمہ داری ہے۔

سعودی عرب میں عید الفطر کے حوالے سے پیشگوئی

 دوسری جانب سپارکو  کے اعلامیے میں یہ بھی بتایاگیا ہے کہ سعودی عرب میں 29 مارچ کو چاند نظر آنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں، مکہ میں غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 5 گھنٹے ہوگی۔

اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب اور مشرقِ وسطیٰ میں ہلال 30 مارچ کو نظر آئے گا اسی طرح سعودی عرب میں بھی عید الفطر 31 مارچ 2025 کو منائی جائے گی۔

Related posts

پیپلز پارٹی نے حکومت کو وعدوں پر عملدرآمد کے لیے ایک ماہ کی مہلت دے دی

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ: سیز فائر کے دوران پاکستانی سکیورٹی فورسز نے 100 سے زائد خوارج ہلاک کیے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی: افغانستان سمیت جو بھی حملہ کرے گا، بھرپور جواب دیا جائے گا