عبدالمالک بلوچ سے ملاقات، نواز شریف کی بلوچستان کے مسائل حل کرنے میں کردار ادا کرنے کی یقین دہانی

پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر نوازشریف سے سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان اور نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے جاتی عمرہ میں ملاقات کی۔

لاہور میں ہونے والی ملاقات میں دونوں قائدین نے مجموعی ملکی صورتحال اور بلوچستان کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

نوازشریف نے بلوچستان کے سیاسی اور معاشی مسائل حل کرنے میں اپنا کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

 ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں عبدالمالک بلوچ کا کہنا تھاکہ نواز شریف اور دیگر قیادت نے روایت کے مطابق ہمارا استقبال کیا، بلوچستان کے سیاسی معاملات پر ہم نے تفصیل کے ساتھ بات چیت کی ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ نوازشریف کو کہا ہے کہ وہ بلوچستان آئیں اورسیاسی قائدین سے ملاقاتیں کریں، نوازشریف بلوچستان کے معاملے میں کردار ادا کرنے کےلیے تیار ہیں اور ہماری درخواست پر نوازشریف نے کہا ہے کہ وہ بلوچستان کا دورہ کریں گے۔

عبدالمالک بلوچ کا کہنا تھاکہ ہم نے نواز شریف کو کہا بلوچستان کی صورتحال پر آپ کا کردار بہت اہم ہے، امید ہے وہ 2013 کی طرح اس بار بھی بلوچستان کے مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

ن لیگ کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے بتایاکہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے بلوچستان کے مسائل سے مسلم لیگ ن کی قیادت کو آگاہ کیا اور نواز شریف سے اپنا کردار ادا کرنے کی درخواست کی۔

ان کا کہنا تھاکہ نواز شریف نے ڈاکٹر عبدالمالک کو اپنا سیاسی کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

Related posts

ایک سیاسی جماعت سیاسی دجال کا کام کر رہی ہے، عوام اور افواج میں دراڑ ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے: بلاول بھٹو

پی ٹی آئی کا قومی کانفرنس کے لیے پیپلز پارٹی سے رابطہ کرنے کا فیصلہ

پی ٹی آئی کو مذاکرات کی اجازت نہیں تھی، بانی پی ٹی آئی محاذ آرائی کر رہے ہیں: رانا ثنا اللہ