وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی علماء کرام سے ملاقات

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری سے چئیرمین رویت ہلال کمیٹی مولاناعبدالخبیر آزاد کی سربراہی میں تمام مکاتب فکر کے جید علمائے کرام نے ملاقات کی۔ ملاقات میں محرم الحرام خصوصا عاشورہ کے موقع پر امن وامان اور مذہبی ہم آہنگی یقینی بنانے کے لیے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے علمائے کرام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام میں علمائے کرام کا امن و امان برقرار رکھنے کیلئے کلیدی کردار ہے، محرم کے دوران امن و امان کے قیام میں علماء کرام کا کردار سکیورٹی اداروں کے برابر اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ علمائے کرام محرم الحرام میں انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہتے ہیں، معمولی تنازع بھی علمائے کرام ہی حل کراتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ میں اس بات کا گواہ ہوں کہ علمائے کرام نے کئی مسائل کو خوش اسلوبی سے حل کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں بھی اس بات سے متفق ہوں کہ اپنا مسلک چھوڑو نا اور دوسرے کہ مسلک کو چھیڑو نا، ہمیں اس سنہرے اصول کو پورے پاکستان میں پھیلانا چاہیئے کیونکہ ہم سب مسلمان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرا یقین ہے کہ امام حسین علیہ السلام سب کے ہیں، جتنا میرا امام حسین علیہ السلام سے تعلق ہے، اتنا باقی سب کا بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک بھارت جنگ میں اللہ تعالیٰ کی جانب سے پاکستان کی غیبی مدد کے کئی مظاہر دیکھنے کو ملے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے سربراہوں اور علماء کرام کو دعوت دی جائے گی کہ ہم 14 اگست کو فیصل مسجد میں نمازِ ظہر باجماعت اکٹھے ادا کریں، میں اور وزیر مملکت تمام علماء کرام کو خود دعوت نامے پہنچائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس اجتماع کے ذریعے پوری دنیا کو یہ پیغام جائے گا کہ ہم سب متحد اور اکٹھے ہیں اور اس کیلئے 14 اگست سے بہتر دن نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اس سال جنگ میں کامیابی کے بعد اللہ تعالیٰ نے جو ہمیں عزت دی اس کی وجہ سے ایک مثالی یوم آزادی منایا جائے گا، اس اجتماع میں حکومت کی جانب سے بھی بھر پور نمائندگی ہو گی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں دہشت گردی عروج پر ہے، میری خواہش ہے کہ ہم اکٹھے ہو کر خیبر پختونخوا کے علمائے کرام سے ملاقات کریں کہ وہ ناسور کے خاتمے میں بھر پور کردار ادا کریں، اس سلسلے میں علمائے کرام سب کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ کے ساتھ مشاورت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ وزیر داخلہ نے مذہبی آہنگی کے لئے مولاناعبدالخبیر آزاد کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ مولاناعبدالخبیر آزاد ہر موقع پر تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام کو ساتھ لے کر چلتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ ہم اگلا اجلاس خیبر پختونخوا میں رکھیں اور وہاں کے تمام علمائے کرام کو ساتھ بٹھائیں، انشااللہ ہم سب ملکر اس ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کریں گے اور اس ملک کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ علمائے کرام نے ہر موقع پر مثالی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم آپ کے شکر گزار ہیں کہ آپ نے اپنا فرض بہترین انداز میں نبھایا ہے، محرم الحرام اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں آپ کی ذمہ داری اور بھی بڑھ جاتی ہے، ہمیں کسی نفرت یا سازشی ایجنڈے کا شکار نہیں بننا اور اتحاد کو برقرار رکھنا ہے۔مولاناعبدالخبیر آزاد نے ملک بھر میں امن و امان کے قیام میں وزیر داخلہ کی خصوصی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ علمائے کرام نے ملک میں مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کو پروان چڑھانے میں مثالی کردار ادا کیا ہے۔ قاضی عبدالغفار قادری، علامہ شبیر حسین، حافظ نظام الدین، مولانا اشرف علی، مولانا ضیاء الرحمن، مفتی محمد اقبال رضوی، مولانا محمدطیب قریشی، مفتی سید عاشق حسین شاہ، مفتی فتح محمد راشدی، پیر سعادت علی شاہ، علامہ سید زاہد حسین کاظمی، مولانا مقصود احمد توحیدی، مولانا عبدالظاہر فاروقی، قاضی جنید الرشید، مفتی گلزار احمد نعیمی، مولانا تنویر احمد علوی، مولانا ہارون الرشید، مولانا عبدالعزیز، مولانا سردار محمد لغاری، علامہ سعید احمد اعوان، مولانا ملک امجد اعوان، مولانا عابد اسرار، قاری بلال گولڑوی، پیر عمر فاروق شاہ، علامہ مصطفی حیدر نقوی، صاحبزادہ حسن شعیب، صاحبزادہ ارشاد احمد،مفتی اقبال نعیمی، پیر ممتاز احمد ضیا، مولانا ابو بکر صدیق، مفتی عبدالباسط، مولانا عبدالسلام جلالی، مولانا اکرام الٰہی ظہیر اور پروفیسر ظفراللہ جان اس موقع پرموجود تھے۔ وفاقی سیکرٹری داخلہ، ڈی جی ایف آئی اے، چیف کمشنر اسلام آباد اور آئی جی اسلام آباد پولیس بھی اس موقع پر موجود تھے۔

Related posts

پاکستان اور افغانستان کے درمیان سیز فائر معاہدہ: وزیر دفاع خواجہ آصف کا بیان

نئی دہلی میں دیوالی کے بعد فضائی آلودگی 821 تک پہنچ گئی، لاہور میں اے کیو آئی 221 ریکارڈ، کل مزید اضافے کا امکان

وزیراعظم ہاؤس میں پہلی بار دیوالی کی خصوصی تقریب، شہباز شریف نے ہندو برادری کے ہمراہ کیک کاٹا