بھارتی کرکٹر رِنکو سنگھ کو 5 کروڑ روپے تاوان اور قتل کی دھمکیاں، دو مشتبہ افراد گرفتار

ممبئی: بھارتی کرکٹ ٹیم کے جارح مزاج بیٹر رِنکو سنگھ کو مبینہ طور پر ایک گینگ کی جانب سے بھتہ اور قتل کی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی کرائم برانچ نے واقعے کی تحقیقات کرتے ہوئے دو مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے، جن پر الزام ہے کہ انہوں نے رِنکو سنگھ سے 5 کروڑ بھارتی روپے تاوان کا مطالبہ کیا۔

تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ فروری سے اپریل 2024 کے درمیان رِنکو سنگھ کی پروموشنل ٹیم کو تین مرتبہ تاوان کی دھمکیاں دی گئیں۔

ذرائع کے مطابق ایک ملزم نے خود کو ڈی کمپنی کا رکن ظاہر کرتے ہوئے رِنکو سنگھ کے ایونٹ منیجر کو ای میل بھیجی، جس میں تاوان نہ دینے کی صورت میں قتل کی دھمکی دی گئی تھی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں مشتبہ افراد کو ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو سے گرفتار کر کے بھارت منتقل کیا گیا ہے، جہاں ان سے تفتیش جاری ہے۔

واضح رہے کہ رِنکو سنگھ نے بھارت کی جانب سے اپنا بین الاقوامی ڈیبیو 18 اگست 2023 کو آئرلینڈ کے خلاف کیا تھا۔ وہ اب تک بھارت کے لیے 2 ون ڈے اور 34 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں۔

Related posts

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 جیتنے والی بھارتی ٹیم کے لیے اربوں روپے کے انعام کا اعلان

مشرق وسطیٰ کی کشیدگی کے باعث آئی سی سی کی اہم میٹنگ ملتوی

پاکستان نے 8 سال بعد ہاکی ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرلیا، جاپان کو سنسنی خیز مقابلے میں شکست