پاکستان نے 8 سال بعد ہاکی ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرلیا، جاپان کو سنسنی خیز مقابلے میں شکست

مصر میں جاری مینز ہاکی ورلڈ کپ کوالیفائر میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیمی فائنل میں جاپان کو 3 کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دے کر فائنل اور ورلڈ کپ دونوں کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ اس کامیابی کے ساتھ قومی ٹیم نے آٹھ سال بعد ہاکی ورلڈ کپ میں جگہ بنا لی ہے۔

سیمی فائنل کا مقابلہ نہایت سنسنی خیز ثابت ہوا جس میں دونوں ٹیموں نے جارحانہ کھیل پیش کیا۔ پاکستان کی جانب سے سفیان خان، ابو محمد، محمد عماد اور افراز نے ایک، ایک گول اسکور کرکے ٹیم کو برتری دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔

میچ کے آخری لمحات میں جاپان کو برابری کا سنہری موقع اس وقت ملا جب اختتام سے تقریباً چار منٹ قبل اسے پنالٹی اسٹروک دیا گیا۔ تاہم پاکستان کے گول کیپر علی رضا نے شاندار انداز میں اسٹروک روک کر نہ صرف یقینی گول بچایا بلکہ ٹیم کو اہم کامیابی دلانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

علی رضا کی اس بہترین سیو کو میچ کا فیصلہ کن لمحہ قرار دیا جا رہا ہے، جس نے پاکستان کی جیت کو یقینی بنا دیا۔ ان کی کارکردگی کو شائقین اور ماہرین ہاکی کی جانب سے بھرپور سراہا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے 2018 کے بعد پہلی مرتبہ ہاکی ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کیا ہے۔ قومی ٹیم گزشتہ ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہی تھی، جس کے بعد شائقین ہاکی کو اس کامیابی کا طویل انتظار تھا۔

مینز ہاکی ورلڈ کپ 2026 رواں سال 14 اگست سے 30 اگست تک بیلجیئم اور نیدرلینڈز میں کھیلا جائے گا، جس میں دنیا کی بہترین ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے مدمقابل ہوں گی۔

پاکستانی شائقین ہاکی کو امید ہے کہ قومی ٹیم اس عالمی ایونٹ میں بھی اسی جذبے اور کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کا نام روشن کرے گی۔

Related posts

لارڈز ٹیسٹ میں شکست کے بعد امام الحق اور محمد رضوان کے خلاف تحقیقات کا دائرہ وسیع، موبائل ڈیٹا بھی حاصل کرلیا گیا

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے اگلے ایڈیشن کو روایتی شیڈول سے پہلے جنوری میں منعقد کرانے کی تجویز

100 کلومیٹر سے زائد دوڑنے کے بعد بولنگ، برطانوی کرکٹر نے انوکھا عالمی ریکارڈ قائم کرنے کی کوشش کردی