مائیک ہیسن کی کپتانی پر مشاورت کی سفارش، محمد رضوان کی جگہ شاہین آفریدی مضبوط امیدوار قرار

لاہور: قومی ٹیم کے وائٹ بال ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے ون ڈے ٹیم کے کپتان سے متعلق فیصلے کے لیے اجلاس بلانے کی سفارش کر دی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق جنوبی افریقہ کے خلاف آئندہ ون ڈے سیریز کے لیے کپتان کے تقرر پر ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔

پی سی بی نے بتایا کہ مائیک ہیسن نے چیئرمین محسن نقوی کو باضابطہ طور پر خط لکھا ہے، جس میں انہوں نے سفارش کی ہے کہ کپتان سے متعلق فیصلے کے لیے سلیکشن اور ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس طلب کیا جائے۔ چیئرمین پی سی بی نے یہ خط دونوں کمیٹیوں کو ارسال کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اس وقت قومی ون ڈے ٹیم کے کپتان محمد رضوان ہیں، تاہم انہیں برقرار رکھنے یا ہٹانے سے متعلق فیصلہ 20 اکتوبر کو ہونے والی میٹنگ میں متوقع ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ رضوان کی جگہ شاہین شاہ آفریدی کو ون ڈے ٹیم کا کپتان مقرر کیے جانے کا امکان زیادہ ہے اور وہ قیادت کے مضبوط امیدوار سمجھے جا رہے ہیں۔ ان کے علاوہ سابق کپتان بابر اعظم اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا بھی ممکنہ امیدواروں میں شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق کپتانی کی تبدیلی کے حوالے سے ابتدائی مشاورت مکمل ہو چکی ہے جبکہ ایک مضبوط امیدوار سے گزشتہ چند روز سے تفصیلی گفتگو کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

اطلاعات کے مطابق اس امیدوار نے ورلڈکپ 2027 تک قیادت کی مکمل ضمانت اور فیصلوں میں فری ہینڈ دینے کی خواہش ظاہر کی ہے۔

پی سی بی کی جانب سے اس حوالے سے باضابطہ اعلان 20 اکتوبر کی میٹنگ کے بعد متوقع ہے۔

Related posts

افغانستان نے تمام احسانات فراموش کرتے ہوئے جارحیت کی، افواجِ پاکستان نے بھرپور جواب دیا: شاہد آفریدی

ورلڈکپ 2027 کی تیاری: قومی ون ڈے ٹیم کی قیادت سے محمد رضوان کو ہٹانے پر غور

سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز: افغانستان کی دستبرداری کے بعد زمبابوے کی شرکت کی تصدیق