ورلڈکپ 2027 کی تیاری: قومی ون ڈے ٹیم کی قیادت سے محمد رضوان کو ہٹانے پر غور

لاہور: ذرائع کے مطابق ورلڈکپ 2027 کو مدنظر رکھتے ہوئے قومی ون ڈے ٹیم کی قیادت میں تبدیلی کا امکان ہے، اور موجودہ کپتان محمد رضوان کو ہٹائے جانے پر غور جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق وائٹ بال ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کپتانی کی تبدیلی سے متعلق معاملہ اٹھایا ہے اور اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی کو باضابطہ خط لکھا ہے۔ خط میں مائیک ہیسن نے سلیکشن اور ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس بلانے کی سفارش کی ہے تاکہ کپتان کے مستقبل سے متعلق فیصلہ کیا جا سکے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بورڈ کے تھنک ٹینک نے قیادت کی تبدیلی پر ابتدائی مشاورت مکمل کر لی ہے، جبکہ ایک مضبوط امیدوار کے ساتھ گزشتہ چند روز سے تفصیلی بات چیت بھی جاری ہے۔

اطلاعات کے مطابق اس مضبوط امیدوار نے ورلڈکپ 2027 تک قیادت کی مکمل ضمانت اور فیصلوں میں فری ہینڈ دینے کی خواہش ظاہر کی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر محمد رضوان کو قیادت سے ہٹایا گیا تو بابر اعظم، سلمان آغا اور شاہین شاہ آفریدی ممکنہ امیدواروں میں شامل ہیں، جن میں سے شاہین آفریدی فرنٹ رنر سمجھے جا رہے ہیں۔

پی سی بی کی جانب سے اس معاملے پر تاحال کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا، تاہم قریبی ذرائع کے مطابق فیصلہ آئندہ چند روز میں متوقع ہے۔

Related posts

تیسرے ٹیسٹ میں پاکستان کی بیٹنگ پھر ناکام، انگلینڈ کے خلاف 133 رنز پر پوری ٹیم آؤٹ

لارڈز ٹیسٹ میں شکست کے بعد امام الحق اور محمد رضوان کے خلاف تحقیقات کا دائرہ وسیع، موبائل ڈیٹا بھی حاصل کرلیا گیا

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے اگلے ایڈیشن کو روایتی شیڈول سے پہلے جنوری میں منعقد کرانے کی تجویز