لاہور: پاکستان وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن ٹرائی نیشن ٹی ٹوئنٹی سیریز کے اختتام کے بعد چند ہفتوں کی چھٹیاں گزارنے کے لیے نیوزی لینڈ روانہ ہوگئے۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں مائیک ہیسن نے کہا کہ ’’میرا چہرہ تھکا ہوا ضرور ہے لیکن میں خوش ہوں، میں نیوزی لینڈ میں اپنے گھر واپسی کے ایک طویل سفر کا آغاز کر رہا ہوں۔‘‘ انہوں نے مزید لکھا کہ وہ اپنی فیملی اور گھر کے گرم موسم کو بہت یاد کر رہے ہیں اور چند ہفتے اہل خانہ کے ساتھ گزاریں گے۔
ہیسن نے ٹرائی نیشن سیریز میں کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیزن کا اختتام جیت کے ساتھ ہونا قابلِ فخر ہے اور کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی دکھائی۔
پاکستان وائٹ بال ٹیم کی آئندہ چند ہفتوں میں کوئی مصروفیت نہیں، تاہم جنوری کے پہلے ہفتے میں قومی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ سری لنکا کے خلاف تین میچز کھیلے گا۔ جنوری کے آخری ہفتے میں آسٹریلوی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا دورۂ پاکستان شیڈول ہے، جس کے بعد قومی ٹیم آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے سری لنکا روانہ ہوگی۔
واضح رہے کہ پاکستان نے گزشتہ روز سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے فائنل میں سری لنکا کو 6 وکٹوں سے شکست دی تھی.