سلہٹ: بنگلادیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) کی ٹیم ڈھاکا کیپیٹلز کے کوچ محبوب علی ٹریننگ سیشن کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔
بنگلادیشی میڈیا رپورٹس کے مطابق محبوب علی میچ سے قبل گراؤنڈ میں کھلاڑیوں کو ٹریننگ کروا رہے تھے کہ اچانک انہیں دل کا دورہ پڑا۔ گراؤنڈ میں موجود طبی عملے نے فوری طور پر انہیں سی پی آر دی، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔
میڈیا کے مطابق محبوب علی کو فوری طور پر ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کے انتقال کی تصدیق کر دی۔ واقعے کے وقت وہ ڈھاکا کیپیٹلز کے اسسٹنٹ کوچ کے طور پر فرائض انجام دے رہے تھے۔
واضح رہے کہ بنگلادیش پریمیئر لیگ میں آج سلہٹ کے مقام پر ڈھاکا کیپیٹلز اور راج شاہی وارئیرز کے درمیان میچ شیڈول ہے، تاہم اس افسوسناک واقعے کے بعد میچ کے انعقاد سے متعلق حتمی فیصلہ انتظامیہ کی جانب سے کیا جائے گا۔
محبوب علی کے انتقال پر کرکٹ حلقوں، کھلاڑیوں اور شائقین کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔