بی سی سی آئی کی ہدایت پر کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو مستفیض الرحمان ریلیز کرنے کا حکم

ممبئی: بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے آئی پی ایل 2026 سیزن کے لیے کولکتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) کو بنگلہ دیش کے فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو اسکواڈ سے ریلیز کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

بی سی سی آئی کے سیکریٹری دیواجیت سائیکیا نے تصدیق کی ہے کہ بورڈ کی جانب سے کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے کہ مستفیض الرحمان کو ٹیم سے باہر کیا جائے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دسمبر میں ہونے والی آئی پی ایل نیلامی میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے مستفیض الرحمان کو 9 کروڑ 20 لاکھ بھارتی روپے میں خریدا تھا، جس کے بعد وہ آئی پی ایل کی تاریخ کے سب سے مہنگے بنگلہ دیشی کھلاڑی بن گئے تھے۔ تاہم نیلامی کے فوراً بعد ہی ان کی شمولیت تنازع کا شکار رہی۔

پس منظر میں یہ بھی سامنے آیا تھا کہ گزشتہ ماہ انتہا پسند ہندوتوا جماعت شیوسینا نے بنگلہ دیشی کرکٹرز کی آئی پی ایل میں شرکت کی مخالفت کی تھی۔ شیوسینا کے سربراہ نیرج سیٹھی نے بنگلہ دیشی کھلاڑیوں کو بھارت میں آئی پی ایل میچز کھیلنے کی اجازت نہ دینے کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ بنگلہ دیشی کرکٹرز بھارت میں آئی پی ایل میچز نہیں کھیلیں گے۔

کھیل سے جڑے حلقوں کا کہنا ہے کہ اس فیصلے نے ایک بار پھر کھیل کے میدان میں سیاست کے اثر و رسوخ پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں، جبکہ ناقدین کے مطابق اس طرح کے اقدامات کھیل کی روح کے منافی ہیں اور عالمی سطح پر منفی تاثر کو جنم دیتے ہیں۔

Related posts

فیفا ورلڈ کپ 2026 سے قبل تاریخ ساز ریکارڈ، ٹکٹس کے لیے 50 کروڑ سے زائد درخواستیں

برسبین اوپن: فائنل کے بعد یوکرینی ٹینس اسٹار مارتا کوستیوک اپنے ملک کی صورتحال پر جذباتی ہوگئیں

سابق ٹیسٹ کرکٹر اور سابق چیف سلیکٹر محمد الیاس لاہور میں انتقال کرگئے