پی سی بی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے ابتدائی اسکواڈ آئی سی سی کو بھجوا دیا

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے ابتدائی اسکواڈ کے نام انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو بھجوا دیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی نے ابتدائی 15 رکنی اسکواڈ کے ساتھ ساتھ ریزرو کھلاڑیوں کے نام بھی آئی سی سی کو ارسال کر دیے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی 31 جنوری تک آئی سی سی کی اجازت کے بغیر اسکواڈ میں تبدیلی کر سکتا ہے، تاہم اس تاریخ کے بعد کسی بھی تبدیلی کے لیے آئی سی سی کی ٹیکنیکل کمیٹی کی منظوری لازم ہوگی۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی سری لنکا کے خلاف سیریز کے بعد ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے لیے حتمی اسکواڈ کے اعلان کا ارادہ رکھتا ہے۔ بورڈ سری لنکا کے خلاف سیریز میں ایک سے دو کھلاڑیوں کی کارکردگی کو مدنظر رکھ کر حتمی فیصلے کرنا چاہتا ہے۔

ابتدائی اسکواڈ میں دورۂ سری لنکا کے کھلاڑیوں کے علاوہ بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف کے نام بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 7 فروری سے بھارت اور سری لنکا میں شیڈول ہے، جبکہ پاکستان ٹیم اپنے تمام میچز سری لنکا میں کھیلے گی۔

Related posts

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 جیتنے والی بھارتی ٹیم کے لیے اربوں روپے کے انعام کا اعلان

مشرق وسطیٰ کی کشیدگی کے باعث آئی سی سی کی اہم میٹنگ ملتوی

پاکستان نے 8 سال بعد ہاکی ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرلیا، جاپان کو سنسنی خیز مقابلے میں شکست