لاہور میں سردی نے آسٹریلوی کپتان کو چونکا دیا، مچل مارش کا اعتراف، ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے مکمل تیاری کا دعویٰ

لاہور: پاکستان کے دورے پر موجود آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کپتان مچل مارش نے اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے پاکستان کے موسم کا درست اندازہ نہیں لگایا اور غیر متوقع سردی کے باعث مناسب گرم ملبوسات ساتھ لانے سے محروم رہے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز 29 جنوری سے یکم فروری تک لاہور کے تاریخی قذافی اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی، جسے دونوں ٹیمیں آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کی تیاریوں کے تناظر میں انتہائی اہم قرار دے رہی ہیں۔

لاہور پہنچنے کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آسٹریلوی کپتان مچل مارش نے کہا کہ یہ سیریز دونوں ممالک کے لیے اپنی تیاریوں کو جانچنے کا ایک سنہری موقع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلوی ٹیم کی اکثریت گزشتہ چار دن سے دبئی میں ٹریننگ کر رہی تھی جہاں کھلاڑیوں نے ایک دوسرے کے ساتھ وقت گزارا اور ٹیم کمبی نیشن پر کام کیا۔

مچل مارش نے بتایا کہ بگ بیش لیگ کی مصروفیات کے باعث چند کھلاڑی قدرے تاخیر سے ٹیم کو جوائن کر سکے، تاہم اس کے باوجود اسکواڈ مکمل طور پر تیار اور پُرعزم ہے۔ ان کے مطابق ٹیم پاکستان کے خلاف ایک سخت اور یادگار سیریز کی توقع کر رہی ہے۔

آسٹریلوی کپتان نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ ورک لوڈ مینجمنٹ کے تحت پیٹ کمنز، ٹم ڈیوڈ، جوش ہیزل ووڈ اور گلین میکسویل اس سیریز میں حصہ نہیں لیں گے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ یہ تمام سینئر کھلاڑی ورلڈ کپ سے قبل دوبارہ اسکواڈ کو جوائن کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہوں گے۔

مچل مارش نے پاکستان کے دورے کے دوران درپیش موسمی حالات پر بھی بات کی اور کہا کہ لاہور کی سردی نے انہیں خاصا حیران کیا۔ ان کے مطابق وہ اس بات سے لاعلم تھے کہ اس وقت پاکستان میں موسم اتنا ٹھنڈا ہو سکتا ہے۔

آسٹریلوی کپتان کا کہنا تھا کہ انہوں نے محدود گرم کپڑے پیک کیے تھے اور اب احساس ہوا ہے کہ آئندہ پاکستان کے دورے کے لیے بہتر تیاری کے ساتھ آنا ہوگا۔ انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ یہ تجربہ یاد رہے گا اور مستقبل میں ایسی غلطی نہیں دہرائیں گے۔

دوسری جانب کرکٹ شائقین اس سیریز کو نہ صرف ورلڈ کپ کی تیاریوں کے تناظر میں اہم قرار دے رہے ہیں بلکہ دونوں ٹیموں کے نوجوان اور متبادل کھلاڑیوں کی کارکردگی پر بھی سب کی نظریں مرکوز ہوں گی۔

Related posts

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 جیتنے والی بھارتی ٹیم کے لیے اربوں روپے کے انعام کا اعلان

مشرق وسطیٰ کی کشیدگی کے باعث آئی سی سی کی اہم میٹنگ ملتوی

پاکستان نے 8 سال بعد ہاکی ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرلیا، جاپان کو سنسنی خیز مقابلے میں شکست