ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: احسان عادل امریکا کی نمائندگی کرتے ہوئے پاکستان کے خلاف میدان میں، منفرد اعزاز اپنے نام کرلیا

کولمبو میں جاری آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے دوران ایک منفرد کرکٹ لمحہ دیکھنے میں آیا جب امریکی ٹیم میں شامل پاکستانی نژاد فاسٹ بولر احسان عادل پاکستان کے خلاف میدان میں اترے۔ اس طرح وہ انٹرنیشنل سطح پر پاکستان سے اور پاکستان کے خلاف کھیلنے والے دوسرے کرکٹر بن گئے۔

امریکی اسکواڈ میں احسان عادل کو فاسٹ بولر جسدیپ سنگھ کی جگہ شامل کیا گیا، جو کندھے کی انجری کے باعث ایونٹ سے باہر ہوگئے تھے۔ اسکواڈ میں شمولیت کے بعد احسان عادل کو میچ سے قبل باضابطہ طور پر امریکا کی کیپ بھی دی گئی اور وہ پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میچ میں امریکی ٹیم کا حصہ بنے۔

پنجاب کے شہر گوجرہ میں پیدا ہونے والے 32 سالہ احسان عادل نے اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز 2013 میں جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو سے کیا تھا۔ انہوں نے پاکستان کی جانب سے 3 ٹیسٹ میچز کھیلے اور مجموعی طور پر 5 وکٹیں حاصل کیں۔ اسی سال انہیں اسکاٹ لینڈ کے خلاف ون ڈے کیپ بھی ملی اور انہوں نے 6 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں 4 شکار کیے۔

احسان عادل 2015 کے آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ میں بھی پاکستانی اسکواڈ کا حصہ رہے اور انہوں نے پاکستان کی جانب سے اپنا آخری انٹرنیشنل میچ آسٹریلیا کے خلاف کوارٹر فائنل میں کھیلا۔ بعد ازاں وہ امریکا منتقل ہوگئے جہاں انہوں نے مقامی کرکٹ میں اپنی کارکردگی کے باعث قومی ٹیم میں جگہ بنائی۔

کرکٹ تاریخ میں اس سے قبل سابق ٹیسٹ کرکٹر گل محمد بھی ایک منفرد ریکارڈ قائم کرچکے ہیں، جنہوں نے 1952/53 میں بھارت کی نمائندگی کرتے ہوئے پاکستان کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز کھیلے تھے۔ بعد ازاں وہ پاکستان منتقل ہوگئے اور قومی ٹیم کی جانب سے آسٹریلیا کے خلاف ایک ٹیسٹ میچ میں حصہ لیا۔

کرکٹ ماہرین کے مطابق احسان عادل کی شمولیت نہ صرف امریکی ٹیم کے لیے اہم اضافہ ہے بلکہ یہ عالمی کرکٹ میں بڑھتی ہوئی بین الاقوامی نقل و حرکت اور نئے مواقعوں کی بھی عکاسی کرتی ہے، جہاں کھلاڑی مختلف ممالک کی نمائندگی کرتے ہوئے منفرد ریکارڈ قائم کر رہے ہیں۔

Related posts

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: بھارتی بیٹرز کے بلّوں پر بھانوکا راجاپکسا کے الزامات، نیا تنازع کھڑا ہوگیا

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: صاحبزادہ فرحان کا اہم اعزاز، ٹی20 انٹرنیشنل میں 1000 رنز مکمل

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: پاکستان کی امریکا کے خلاف شاندار فتح، مسلسل دوسری کامیابی اپنے نام