قومی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹر صاحبزادہ فرحان نے سری لنکا میں جاری آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے دوران ایک اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنے 1000 رنز مکمل کرلیے۔ انہوں نے یہ کارنامہ امریکا کے خلاف گروپ میچ میں شاندار بیٹنگ کے دوران انجام دیا۔
29 سالہ اوپنر نے اپنی کیریئر کی 41 ویں اننگز میں ہزار رنز کا ہندسہ عبور کیا اور اس اعزاز کے ساتھ وہ ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے یہ سنگ میل حاصل کرنے والے دسویں بیٹر بن گئے۔ اس سے قبل بابر اعظم، محمد رضوان، محمد حفیظ، شعیب ملک، فخر زمان، عمر اکمل، احمد شہزاد، شاہد آفریدی اور صائم ایوب بھی یہ اعزاز اپنے نام کرچکے ہیں۔
امریکا کے خلاف میچ میں صاحبزادہ فرحان نے جارحانہ اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 41 گیندوں پر 73 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ ان کی اس کارکردگی نے نہ صرف ٹیم کو بڑا اسکور بنانے میں مدد دی بلکہ پاکستان کی فتح میں بھی کلیدی کردار ادا کیا۔
کرکٹ ماہرین کے مطابق صاحبزادہ فرحان کی حالیہ فارم قومی ٹیم کے لیے مثبت اشارہ ہے، خصوصاً ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ جیسے بڑے ایونٹ میں ان کی مسلسل اچھی کارکردگی ٹیم کی بیٹنگ لائن کو مزید مضبوط بنا رہی ہے۔ شائقین کرکٹ کی جانب سے بھی ان کی شاندار اننگز اور اہم سنگ میل عبور کرنے پر انہیں بھرپور داد دی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ قومی ٹیم اپنے اگلے میچ میں روایتی حریف بھارت کے خلاف میدان میں اترے گی، جہاں صاحبزادہ فرحان سے ایک بار پھر اہم اننگز کی توقع کی جا رہی ہے۔