دبئی/دوحا: مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی اہم میٹنگ ملتوی کر دی گئی ہے جو رواں ماہ قطر کے دارالحکومت دوحا میں منعقد ہونا تھی۔
بھارتی کرکٹ ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق آئی سی سی کی یہ میٹنگ 25 سے 27 مارچ تک شیڈول تھی، جس میں عالمی کرکٹ سے متعلق متعدد اہم امور پر غور کیا جانا تھا۔ تاہم خطے میں موجود غیر یقینی صورتحال اور سکیورٹی خدشات کے باعث میٹنگ کو فی الحال مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آئی سی سی انتظامیہ نے میٹنگ کی منسوخی سے متعلق تمام رکن ممالک کے بورڈز کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اب اس اجلاس کے اپریل میں منعقد ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، تاہم نئی تاریخ اور حتمی مقام کا اعلان ابھی تک نہیں کیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق آئی سی سی حکام اس بات پر بھی غور کر رہے ہیں کہ میٹنگ کو دوحا کے بجائے کسی دوسرے محفوظ مقام پر منتقل کیا جائے تاکہ تمام رکن ممالک کے نمائندے بلا رکاوٹ اجلاس میں شرکت کر سکیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اجلاس میں عالمی کرکٹ کے مستقبل، مختلف ٹورنامنٹس کے شیڈول، مالی امور اور دیگر انتظامی معاملات پر تبادلہ خیال متوقع تھا، اسی لیے اجلاس کو مؤخر کرنے کا فیصلہ انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب آئی سی سی کے کئی اعلیٰ عہدیداران اس وقت بھارت میں موجود ہیں جہاں وہ احمد آباد میں کھیلے جانے والے بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان فائنل میچ دیکھیں گے۔ نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیئرمین راجر ٹوز بھی فائنل میچ دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم میں موجود ہوں گے۔
کرکٹ حلقوں کے مطابق آئی سی سی جلد ہی نئی تاریخ اور مقام کا اعلان کرے گی تاکہ رکن ممالک کے نمائندے اہم امور پر مشاورت کے لیے دوبارہ جمع ہو سکی۔