لاہور میں سموگ کے تدارک کیلئے ایل ڈبلیو ایم سی کے عملی اقدامات جاری

لاہور: شہر میں بڑھتی سموگ پر قابو پانے کے لیے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی) نے اپنے آپریشنز مزید تیز کر دیے ہیں۔ کمپنی کی ٹیمیں نائٹ شفٹ میں بھی متحرک ہیں اور شہر بھر میں سڑکوں کی واشنگ اور مکینیکل سویپنگ کا عمل تیزی سے جاری ہے۔

ایل ڈبلیو ایم سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بابر صاحب دین نے ہدایت جاری کی ہے کہ شہر کے ہائی ائیر کوالٹی انڈیکس ایریاز میں وقفے وقفے سے پانی کا چھڑکاؤ جاری رکھا جائے تاکہ فضائی آلودگی اور گرد و غبار میں کمی لائی جا سکے۔

بابر صاحب دین کے مطابق مال روڈ، جیل روڈ، گلبرگ، فیروزپور روڈ اور کینال روڈ پر سڑکوں کی واشنگ جاری ہے، جبکہ شملہ پہاڑی، پریس کلب، ایجرٹن روڈ، کشمیر روڈ اور کوئین میری روڈ پر بھی پانی کا مسلسل چھڑکاؤ کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ڈسٹ کنٹرول کے لیے شہر کی تمام اہم شاہراہوں پر مکینیکل سویپنگ اور واشنگ کا عمل جاری ہے۔ علاوہ ازیں، آزادی چوک، داتا دربار، سرکلر روڈ، ریلوے اسٹیشن کے اطراف بھی سڑکوں کی صفائی اور واشنگ کی جا رہی ہے۔

سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی کے مطابق پائن ایونیو، اڈا پلاٹ، رائیونڈ روڈ اور خیابانِ فردوسی سمیت مختلف علاقوں میں بھی مکینیکل سویپنگ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر نائٹ شفٹ کے دوران واشنگ کا عمل مکمل کیا جائے گا۔

بابر صاحب دین کا مزید کہنا تھا کہ لاہور کے تمام ٹاؤنز میں مرحلہ وار سکریپنگ اور سڑکوں کی واشنگ کا عمل مکمل کیا جائے گا تاکہ شہریوں کو سموگ فری ماحول فراہم کیا جا سکے۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ایل ڈبلیو ایم سی کی ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں اور سموگ کے تدارک میں اپنا کردار ادا کریں۔

Related posts

لاہور میں انسدادِ سموگ آپریشن بھرپور انداز میں جاری — وزیراعلیٰ مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر تمام ادارے متحرک

پنجاب میں سموگ سے بچاؤ کے اقدامات مزید سخت، لاہور میں اتوار کو ’اے کیو آئی‘ 210 تک پہنچنے کا امکان

محکمہ موسمیات نے ’انتہائی سرد‘ موسم سرما کی پیش گوئیوں کو مسترد کردیا