سپریم جوڈیشل کونسل نے ججز کے خلاف 74 میں سے 70 شکایات مسترد کر دیں، 3 پر مزید کارروائی کا فیصلہ

اسلام آباد: سپریم جوڈیشل کونسل نے ججز کے خلاف دائر 74 شکایات میں سے 70 کو مسترد کر دیا ہے، جبکہ 3 شکایات پر مزید کارروائی کی منظوری دی گئی ہے اور ایک شکایت پر کارروائی مؤخر کر دی گئی۔

ترجمان سپریم جوڈیشل کونسل کے مطابق کونسل کا اجلاس چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں ججز کے ضابطہ اخلاق میں اکثریتی رائے سے ترامیم کی منظوری بھی دی گئی۔

کونسل کے دو الگ الگ اجلاس ہوئے۔ پہلے اجلاس میں چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کے علاوہ جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، لاہور ہائی کورٹ کی چیف جسٹس عالیہ نیلم اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر شریک ہوئے۔

اعلامیے کے مطابق دوسرے اجلاس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کی جگہ پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس شریک ہوئے۔

پہلے اجلاس میں آئین کے آرٹیکل 209 کے تحت 67 شکایات کا جائزہ لیا گیا، جن میں سے 65 شکایات متفقہ طور پر مسترد کی گئیں، ایک مؤخر اور ایک شکایت اکثریتی فیصلے سے مزید کارروائی کے لیے منظور کی گئی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی عدم شرکت کے باعث کونسل کو دوبارہ تشکیل دیا گیا۔

دوسرے اجلاس میں 7 شکایات کا جائزہ لیا گیا، جن میں سے 2 پر مزید کارروائی اور 5 شکایات داخلِ دفتر کر دی گئیں۔

اعلامیے کے مطابق اکتوبر 2024 سے اب تک 155 شکایات پر غور کیا جا چکا ہے، جن میں سے 74 شکایات پر فیصلے سنائے گئے، جبکہ 87 شکایات ابتدائی غور کے لیے زیرِ التوا ہیں۔

Related posts

لاہور ہائیکورٹ نے ایف آئی اے کی جانب سے بیرون ملک سفر کرنے والے شہریوں کو آف لوڈ کرنے کے معاملے پر گائیڈ لائنز جاری کردی

وفاقی شرعی عدالت نے خودکشی سے متعلق قانون پر بڑا فیصلہ سناتے ہوئے خودکشی کی کوشش کو دوبارہ قابلِ سزا جرم قرار دے دیا

انسدادِ دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کو جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی حملہ کیس میں اہم فیصلہ سناتے ہوئے 47 اشتہاری ملزمان کو 10،10 سال قید اور فی کس 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی