ایچ ای سی سے تصدیق شدہ ڈگریاں جمع نہ کرانے پر پنجاب بار کونسل کا بڑا ایکشن

ایچ ای سی سے تصدیق شدہ ڈگریاں جمع نہ کرانے پر پنجاب بار کونسل کا بڑا ایکشن، 1133 وکلاء کے لائسنس معطل

سات جامعات سے قانون کی ڈگری رکھنے والے 1194 وکلاء کو نوٹس جاری کیے گئے تھے، صرف 29 وکلاء نے مقررہ مدت میں تصدیق شدہ ڈگریاں جمع کروائی

لاہور: پنجاب بار کونسل نے ایچ ای سی (ہائر ایجوکیشن کمیشن) سے تصدیق شدہ قانون کی ڈگریاں مقررہ مدت میں جمع نہ کروانے پر 1133 وکلاء کے لائسنس معطل کر دیے۔

پنجاب بار کونسل کے مطابق سات مختلف جامعات سے قانون کی ڈگری رکھنے والے مجموعی طور پر 1194 وکلاء کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ اپنی ڈگریاں ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) سے تصدیق کروا کر مقررہ وقت کے اندر بار کونسل میں جمع کروائیں۔

بار کونسل کے اعداد و شمار کے مطابق مقررہ مدت کے دوران صرف 29 وکلاء نے اپنی تصدیق شدہ ڈگریاں جمع کروائیں، جبکہ باقی 1133 وکلاء ہدایات پر عمل درآمد نہ کر سکے۔ اس کے نتیجے میں پنجاب بار کونسل نے ان تمام وکلاء کے لائسنس معطل کرنے کا فیصلہ کیا۔

پنجاب بار کونسل نے واضح کیا ہے کہ جن وکلاء کے لائسنس معطل کیے گئے ہیں، وہ ایچ ای سی سے اپنی ڈگریوں کی تصدیق مکمل کروا کر دستاویزات جمع کروانے کے بعد ایگزیکٹو کمیٹی سے رجوع کر سکتے ہیں، جہاں ان کے کیس کا جائزہ لے کر مزید کارروائی کی جائے گی۔

بار کونسل کے مطابق جن جامعات کی ڈگریوں کی تصدیق ضروری قرار دی گئی، ان میں سندھ یونیورسٹی، شاہ عبداللطیف یونیورسٹی، میرپور یونیورسٹی، خیبر پختونخوا یونیورسٹی سمیت دیگر جامعات شامل ہیں۔ ان جامعات سے قانون کی ڈگری رکھنے والے وکلاء کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ اپنی اسناد کی تصدیق مکمل کرکے بار کونسل میں جمع کروائیں۔

پنجاب بار کونسل کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد وکالت کے پیشے میں شفافیت، قانونی تقاضوں پر عمل درآمد اور تعلیمی اسناد کی تصدیق کے نظام کو مؤثر بنانا ہے۔

Related posts

نجی ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں اسکولوں اور دیگر عوامی سہولیات کی اراضی کمرشل مقاصد کے لیے استعمال نہیں ہو سکتی

لاہور ہائیکورٹ نے ایف آئی اے کی جانب سے بیرون ملک سفر کرنے والے شہریوں کو آف لوڈ کرنے کے معاملے پر گائیڈ لائنز جاری کردی

وفاقی شرعی عدالت نے خودکشی سے متعلق قانون پر بڑا فیصلہ سناتے ہوئے خودکشی کی کوشش کو دوبارہ قابلِ سزا جرم قرار دے دیا