لاہور: اسموگ نگرانی و پیشگی نظام کی تازہ رپورٹ کے مطابق لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) بہتر ہو کر 177 پر آ گیا۔ فضائی معیار میں یہ بہتری دوپہر کے دوران (صبح 9 بجے سے 4 بجے تک) ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق پنجاب بھر میں ہوا کا رخ مشرق اور جنوب مشرق سے مغرب اور شمال مغرب کی سمت میں ہے، جبکہ ہوا کی رفتار 4 کلومیٹر فی گھنٹہ اور درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
آلودہ ہوا بھارتی پنجاب سے داخل
ماہرین کے مطابق ہوائیں بھارتی پنجاب کے علاقوں لدھیانہ، جالندھر، امرتسر اور ہوشیارپور سے پاکستان میں داخل ہو رہی ہیں۔ ان علاقوں میں فصلوں کی باقیات جلانے کے باعث فضا میں شامل آلودہ ذرات لاہور، قصور، ساہیوال اور فیصل آباد کی سمت بڑھ رہے ہیں۔
عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت
محکمہ ماحولیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ
• گھروں سے باہر نکلتے وقت ماسک کا استعمال کریں،
• پھیپڑوں، دل اور سانس کے مریض غیر ضروری طور پر گھر سے باہر نہ نکلیں،
• اور ہر قسم کے دھوئیں سے اجتناب کریں۔
آلودگی کے ذرائع پر کڑی نگرانی
حکومت پنجاب نے اسموگ کی موجودہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہنگامی اقدامات تیز کر دیے ہیں۔
• دن کے اوقات میں پانی کے چھڑکاؤ کا عمل جاری ہے،
• غیر قانونی اخراج اور دھواں چھوڑنے والے صنعتی یونٹس کے خلاف کریک ڈاؤن میں تیزی لائی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ، ای پی اے اور دیگر اداروں کو فوری فیلڈ ایکشن کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
حکومت پنجاب کا عزم
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا:
“پنجاب حکومت شہریوں کے صاف ماحول کے لیے ہر ممکن قدم اٹھا رہی ہے، عوام سے اپیل ہے کہ فضائی آلودگی کے خاتمے کی مہم میں حکومت کا ساتھ دیں۔”