لاہور: پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ میرا نے انکشاف کیا ہے کہ فلم ’سائیکو‘ کا سب سے اہم کردار ابتدائی طور پر شان شاہد نے اپنے لیے تحریر کیا تھا، تاہم بعد میں یہ کردار انہیں دے دیا گیا۔
حال ہی میں فلم ’سائیکو‘ کی کاسٹ نے ایک خصوصی انٹرویو میں شرکت کی، جہاں میرا اور شان شاہد نے فلم، کرداروں اور اداکاری کے تجربات پر تفصیلی گفتگو کی۔
میرا نے شان شاہد کی ہدایت کاری اور فلم سازی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’سائیکو‘ ایک غیر معمولی فلم ہے اور وہ اب تک اپنے کردار کے اثر سے مکمل طور پر باہر نہیں آ سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فلم میں ان کا کردار ذہنی اور جذباتی طور پر بہت پیچیدہ تھا، جس نے انہیں بطور اداکارہ ایک منفرد تجربہ فراہم کیا۔
اداکارہ نے کہا، “میں ڈائریکٹر اداکارہ ہوں، اگر آپ مجھے اچھا ہدایتکار نہیں دے سکتے تو مجھے فلم میں کاسٹ نہ کریں۔” ان کے اس بیان پر میزبان سمیت شان شاہد بھی مسکراتے نظر آئے۔
گفتگو کے دوران میرا نے یہ بھی انکشاف کیا کہ فلم کا مرکزی کردار دراصل شان شاہد نے خود ادا کرنے کے لیے لکھا تھا، تاہم بعد میں انہوں نے یہ کردار میرا کے سپرد کر دیا۔ اس پر شان شاہد نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ ابتدا میں خود اس کردار کو نبھانے کے خواہشمند تھے۔
شان شاہد کا کہنا تھا، “جب میں نے اس کردار کو لکھا تو سوچتا تھا کہ اگر میں سائیکو بنوں تو اسے کس انداز میں ادا کروں گا، لیکن پھر مجھے محسوس ہوا کہ میرا اس کردار کو زیادہ شدت اور منفرد انداز میں پیش کرسکتی ہیں، اس لیے میں نے یہ کردار انہیں دے دیا۔”
فلم ’سائیکو‘ حال ہی میں جیو فلمز کے بینر تلے سنیما گھروں میں ریلیز کی گئی ہے۔ فلم کی کاسٹ میں شان شاہد، سونیا حسین، میرا، شبیر جان سمیت دیگر فنکار شامل ہیں۔
فلم کی کہانی، سنسنی خیز انداز اور کرداروں کی پرفارمنس کو شائقین کی جانب سے توجہ مل رہی ہے، جبکہ میرا کے کردار کو فلم کی خاص پہچان قرار دیا جا رہا ہے۔