ممبئی: بالی وڈ کے معروف پروڈیوسر اور ہدایتکار کرن جوہر نے سوشل میڈیا پر اپنی فالوونگ لسٹ میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے کئی قریبی دوستوں اور معروف فلمی شخصیات کو ان فالو کر دیا، جس کے بعد بھارتی شوبز حلقوں میں نئی چہ مگوئیاں شروع ہو گئی ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کرن جوہر نے جن مشہور شخصیات کو انسٹاگرام پر ان فالو کیا ہے ان میں بالی وڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان، اداکارہ کرینہ کپور خان، عالیہ بھٹ، کارتک آریان، اننیا پانڈے، ورون دھون، سدھارتھ ملہوترا، ملائکہ اروڑا اور معروف فیشن ڈیزائنر منیش ملہوتھرا شامل ہیں۔
کرن جوہر کی اس اچانک کارروائی نے سوشل میڈیا صارفین کو حیران کر دیا، جبکہ مداحوں کی جانب سے مختلف قیاس آرائیاں بھی سامنے آنے لگیں۔ کئی صارفین نے اسے بالی وڈ شخصیات کے درمیان ممکنہ اختلافات سے جوڑا، تاہم بعد ازاں کرن جوہر نے خود اس معاملے پر وضاحت پیش کر دی۔
کرن جوہر نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں کہا کہ وہ سوشل میڈیا پر اپنا وقت اور توانائی کم کرنے کے لیے لوگوں کو ان فالو کر رہے ہیں۔ انہوں نے لکھا، ’’خدارا اسے قومی خبر نہ بنائیں، یہ کوئی بڑی یا اہم بات نہیں، کسی اور کلک بیٹ کی تلاش کریں۔‘‘
دلچسپ بات یہ ہے کہ کرن جوہر اب بھی عالمی شہرت یافتہ اداکارہ پریانکا چوپڑا کو فالو کر رہے ہیں، جبکہ ان کی فالوونگ لسٹ اب صرف 74 افراد تک محدود رہ گئی ہے۔
دوسری جانب بھارتی میڈیا کی بعض رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ کرن جوہر کا یہ اقدام دراصل ایک سوشل میڈیا حکمت عملی کا حصہ ہو سکتا ہے۔ رپورٹس کے مطابق کئی مشہور شخصیات وقتاً فوقتاً اپنی سوشل میڈیا سرگرمیوں کو محدود کرنے یا ڈیجیٹل اسپیس کم کرنے کے لیے ایسی تبدیلیاں کرتی رہتی ہیں۔
شوبز تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر ان فالو یا فالو کرنا اب بالی وڈ میں خبروں اور قیاس آرائیوں کا اہم ذریعہ بن چکا ہے، جہاں معمولی سرگرمی بھی مداحوں اور میڈیا کی توجہ حاصل کر لیتی ہے۔
واضح رہے کہ کرن جوہر بالی وڈ کے بااثر فلم سازوں میں شمار کیے جاتے ہیں اور ماضی میں بھی ان کے مختلف بیانات اور سوشل میڈیا سرگرمیاں خبروں کی زینت بنتی رہی ہیں۔