لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے محرم الحرام کے دوران امن و امان، سیکیورٹی اور عزاداروں کی سہولت کے لیے غیر معمولی اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ صوبے بھر میں انتظامات گزشتہ برسوں کے مقابلے میں مزید مؤثر، منظم اور فول پروف بنائے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کے دوران تمام کمشنرز، آر پی اوز، ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز دفاتر میں بیٹھنے کے بجائے فیلڈ میں موجود رہیں گے اور خود انتظامات کی نگرانی کریں گے۔
محرم الحرام کے انتظامات اور سیکیورٹی امور سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عزادارانِ حسینؑ کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ مجالس اور جلوسوں کے پرامن انعقاد کے لیے بہترین ماحول مہیا کیا جائے گا جبکہ امام بارگاہوں اور جلوسوں کے راستوں پر صفائی ستھرائی کے مثالی انتظامات یقینی بنائے جائیں گے۔
مریم نواز شریف نے گرمی کی شدت کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ جلوسوں کے روٹس پر ٹھنڈے اور میٹھے پانی کی فراہمی، سبیلوں کے قیام اور پانی کے چھڑکاؤ کے خصوصی انتظامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ رش والے مقامات پر عزاداروں کو ہیٹ ویو سے محفوظ رکھنے کے لیے پانی کی پھوار کے انتظامات بھی کیے جائیں۔ جلوسوں کے راستوں سے لٹکتی بجلی کی تاریں، تعمیراتی ملبہ اور دیگر رکاوٹیں فوری طور پر ہٹائی جائیں جبکہ اسٹریٹ لائٹس کو فعال بنایا جائے۔ انہوں نے تمام مین ہولز کو ڈھانپنے اور روٹس کے اطراف آوارہ کتوں کی موجودگی ختم کرنے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ نے سیکیورٹی اہلکاروں کو تاکید کی کہ وہ عزاداروں اور شرکائے مجالس کے ساتھ انتہائی خوش اخلاقی اور احترام سے پیش آئیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی شکایات کو فوری طور پر موقع پر حل کیا جائے اور کسی بھی مقام سے شکایت موصول نہیں ہونی چاہیے۔ کلینک آن ویلز، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور دیگر امدادی اداروں کو محرم کے دوران مکمل طور پر متحرک رکھنے کا حکم بھی دیا گیا۔
مریم نواز شریف نے واضح کیا کہ مذہبی ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور نفرت انگیز تقاریر، اشتعال انگیز مواد، وال چاکنگ اور اسلحہ کی نمائش کے لیے کوئی گنجائش نہیں ہوگی۔ انہوں نے علماء کرام اور آئمہ مساجد پر زور دیا کہ وہ مجالس اور خطبات میں اتحاد، یگانگت اور بین المسالک ہم آہنگی کا پیغام عام کریں۔
اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ صوبہ بھر میں محرم الحرام کے دوران مجموعی طور پر 47 ہزار 280 مجالس اور جلوس منعقد ہوں گے جن میں 37 ہزار 868 مجالس اور 9 ہزار 412 جلوس شامل ہیں۔ ان کی سیکیورٹی کے لیے ایک لاکھ 25 ہزار 641 پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے جبکہ پاک فوج کی 61 اور رینجرز کی 76 کمپنیاں بھی طلب کر لی گئی ہیں۔ امن و امان کے قیام میں معاونت کے لیے 30 ہزار 445 تربیت یافتہ رضاکار بھی فرائض انجام دیں گے۔
وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 4700 امام بارگاہوں پر کیو آر کوڈڈ پینک بٹن نصب کیے گئے ہیں۔ منتظمین مجالس کیو آر کوڈ اسکین کرتے ہی متعلقہ سیکیورٹی اور انتظامی اداروں سے فوری رابطہ قائم کر سکیں گے اور ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل ممکن ہو سکے گا۔ مریم نواز شریف نے منتظمین سے اپیل کی کہ وہ اس جدید نظام سے بھرپور استفادہ کریں۔
اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی صوبہ بھر میں جلوسوں اور مجالس کی لائیو ڈیجیٹل مانیٹرنگ کرے گی۔ سیکیورٹی نگرانی کے لیے 5 ہزار 623 سے زائد سی سی ٹی وی کیمرے فعال کیے گئے ہیں جبکہ 1040 باڈی کیمز، جدید ڈرونز اور حساس مقامات پر ایک ہزار سے زائد 4G ایونٹ کیمرے نصب کیے جا چکے ہیں۔ سیف سٹیز کنٹرول رومز میں 1400 سے زائد افسران چوبیس گھنٹے نگرانی کے فرائض انجام دیں گے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ امن دشمن عناصر کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز (IBOs) تیز کر دیے گئے ہیں اور اب تک 43 ٹارگٹڈ آپریشنز مکمل کیے جا چکے ہیں۔ شرپسندی اور نفرت انگیز مواد پھیلانے والے 359 سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی نشاندہی بھی کی گئی ہے جبکہ سائبر رسپانس ٹیمیں متحرک کر دی گئی ہیں۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران صرف لائسنس یافتہ اور روایتی جلوسوں کو اجازت ہوگی، کسی نئے جلوس یا نئے روٹ کی منظوری نہیں دی جائے گی۔ جلوسوں کے اوقات اور مقررہ راستوں کی پابندی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی اور خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔
مریم نواز شریف نے صوبائی وزراء کو فوری طور پر فیلڈ میں متحرک رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام فیلڈ فارمیشنز ہائی الرٹ رہیں، موک ایکسرسائزز کرائی جائیں، کنٹرول رومز مکمل فعال ہوں اور سیکیورٹی کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا بھرپور استعمال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں نفرت اور انتشار کے لیے کوئی جگہ نہیں، محرم الحرام کے دوران عوام کے جان و مال کے تحفظ اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے عیدالاضحیٰ کے دوران صفائی کے بہترین انتظامات پر ضلعی انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ “ستھرا پنجاب” مہم کو عوامی سطح پر غیر معمولی پذیرائی ملی ہے اور اسی جذبے کے ساتھ محرم الحرام کے انتظامات کو بھی مثالی بنایا جائے گا۔